دسویں جماعت کے نتائج میںصد فیصد کامیابی | آری پل کی آبادی کا سکولی عملے کو مبارکباد

ترال// دسویں جماعت کے حالیہ نتائج میں تعلیمی زون آری پل کے تحت آنے والے ’گورنمنٹ ہائی سکول آری پل‘صدفیصد نتائج برآمد کرنے میں کامیاب رہا۔ مقامی لوگوں نے اس کامیابی پر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے سکول میں تعینات عملے کومبارکباد پیش کی ہے ۔سب ضلع ترال سے11کلو میٹر دور آری پل گائوں میں قائم ہائی سکول کا درجہ2سال قبل بڑھایا گیا جہاں دسویں جماعت میں17طلاب زیر تعلیم تھے اورگزشتہ دنوں سبھی طلاب نے کامیابی حاصل کرلی۔نتائج منظر عام پر آنے سے جہاں سکولی عملے نے خوشی کا اظہار کیا ہے وہیں  مقامی لوگوں نے سکول کی کار کردگی پر اطمنان کا اظہارکر کے انہیں مبارک بادپیش کی ۔سکول کے انچارج ہیڈ ماسٹر معراج الدین بابا نے بتایا کہ ’’ہم نے لاک ڈائون کے دوران کووڈ رہنما خطوط پر مکمل عمل کرکے تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کی اور ہر ایک بچے کی حاضری کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ۔انہوں نے بتایا ’’ہم نے کسی بھی مسئلے کو گائوں کے معزز شہریوں ،نمبر دار،سرپنچ یا دیگر ذی عزت لوگوں کے ساتھ مل کر اس ادارے کو ایک ماڈل سکول بنانے کی کوشش کی جس میں مقامی آبادی پیش پیش رہی ‘‘۔