بانہال// دریائے چناب میں پانی کی کم ہوتی سطح کے نتیجے میں 900 میگاواٹ کی صلاحیت والے بغلیہار پن بجلی پروجیکٹ میں بجلی کی پیداوار گھٹ گئی ہے اور 450 میگاواٹ کی صلاحیت والے دو میں سے بغلیہار پن بجلی پروجیکٹ کا ایک ہی فیز سے بجلی کی پیداوار ہورہی ہے۔ بغلیہار پن بجلی پروجیکٹ دریائے چناب پر ضلع رام بن کے چندرکوٹ علاقے میں تعمیر کیا گیا ہے اور اس ساڑھے چار سو میگاواٹ کی صلاحیت والا بغلیہار پن بجلی پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ 2008 سے کام کر رہا ہے جبکہ اتنی ہی صلاحیت کا دوسرا مرحلہ 2015 میں عوام کے نام وقف کیا گیا تھا۔جموں و کشمیر پاو¿ر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے جانکار زرائع نے بتایا کہ دریائے چناب میں پچھلے چند ہفتوں سے پانی کی سطح مسلسل گر رہی ہے جس کی وجہ سے900 میگاواٹ کی صلاحیت والے پن بجلی پروجیکٹ سے اب صرف 450 میگاواٹ کی ہی بجلی پیدا ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی سطح میں کمی کی وجہ سے بغلیہار کے ایک فیز کی تین ہی ٹربائنیں چل رہی ہیں اور ہر ٹربائین سے 150 میگاواٹ کی بجلی پیدا ہورہی ہے۔جبکہ اتنی صلاحیت کی تین ٹربائینوں نے دریائے چناب میں پانی کی کمی کی وجہ سے کام کرنا بند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کے مہینوں میں بغلیہار بجلی پروجیکٹ سے بجلی کی پیداوار 900میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے اور ستمبر کے اخر تک اس پروجیکٹ سے بھر پور بجلی حاصل کی جارہی ہے تھی لیکن دریائے چناب میں سردی بڑھنے کے ساتھ ساتھ پانی کی سطح کم ہونے کی وجہ سے ڈیڑھ سو میگاواٹ فی ٹربائن کے حساب سے بجلی پیدا کرنے والی تین ہی ٹربائینیں اب بجلی پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے چناب میں سطح آب مزید کم ہونے سے موجودہ پیدوار میں مزید گراوٹ آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے چناب میں بھرپور پانی کے دوران تمام چھ ٹربائینیں چلتی ہیں اور ہر ٹربائن سے 150 میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح کم ہونے کے ساتھ ساتھ اب تین ہی ٹربائینوں سے ہی ساڑھے چار سو میگاواٹ کی بجلی پیدا ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغلیہار پن بجلی پروجیکٹ کے ساتھ یہ معاملہ ہر سال چلتا رہتا ہے اور پانی کے بہاو¿ سے ہی بجلی کی پیداوار میں کمی اور زیادتی ریکارڈ کی جاتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دریائے چناب میں بھرپور پانی کے دوران بغلیہار سے پیدا ہونے والی بجلی سے روزانہ کم از کم چھ سے آٹھ کروڑ روپئے کی آمدن ہوتی ہے اور بغلیہار پروجیکٹ کا بیشتر کام جموں و کشمیر پاو¿ر ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں بطور ڈیلی ویجر اور نیڈ بیس ورکر کے طور کام کرنے والے ورکر ہی انجام دیتے آرہے ہیں۔