فیاض بخاری
بارہمولہ// شمالی قصبہ بارہمولہ میں جمعرات کو دریائے جہلم سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے لاش کو دریا میں تیرتے ہوئے دیکھا اور فوری طور پر پولیس اسٹیشن بارہمولہ کو اطلاع دی۔ جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے لاش کو اپنے تحویل میں لیا۔متوفی کی شناخت 43 سالہ شمیمہ بیگم زوجہ ارشد احمد ملہ ساکنہ خان پورہ بارہمولہ کے طور پر کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاش کو طبی قانونی کارروائیوں کے لیے جی ایم سی بارہمولہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ادھر خانپورہ علاقے میں یہ خبر پھلتے ہی صف ماتم بچھ گی۔ادھرکانسپورہ بارہمولہ میں جمعرات کو سرینگر – بارہمولہ قومی شاہراہ پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان شدید ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت ہو گئی، جب کہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ معلوم ہواکہ کچھ مقامی لوگوںنے تینوں زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال بارہمولہ منتقل کیا،جہاں محلہ دیوان باغ بارہمولہ کا نوجوان الیکٹرشن محمد شفیع خان ولد غلام محمدخان زخمی کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔اس نوجوان کی المناک موت نے اسکی اہلیہ اور دوکمسن بچوں کو ایسی داغ مفارقت دی کہ بھولے سے بھی وہ کبھی اپنے اس شفیق اور شریف النفس کفیل کو بھول نہیں پائیں گے ۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دیگردوافراد اسپتال میں زیرعلاج ہیں ۔اُدھر جب 2کمسن بچوں کے جواں سال باپ محمد شفیع خان کی میت کو اسپتال سے آبائی گھرواقع محلہ دیوان باغ بارہمولہ پہنچایاگیا تووہاں کہرام مچ گیا ۔