ٹنگمرگ //سیاحتی مقام درنگ ٹنگمرگ میں اسوقت خشک نالہ سیل رواں بن گیا جب سیر سپاٹے پر آئے ایک ہی خاندان کے 5افراد نالہ فیروزپورہ میں تصاویر بنانے کے دوران پانی کے تیز بہائو میں بہہ گئے۔ ان میں سے دو جواں سال چچیری بہنیں ڈوب گئیں جبکہ چچیرے بھائی بہن کو بچالیا گیا جبکہ ایک شخص نے خود کو بچالیا۔پولیس نے بتایا کہ ہاوسنگ کالونی بمنہ سرینگر کا ایک تاجر محمد اشرف خان اپنی اہلیہ یاسمینہ ،بیٹی 17سالہ ادبا اشرف ، 19سالہ عائشہ دختر بلال احمدخان ساکن نواب بازار،8سالہ عماد بلال ولد بلال احمد خان ، ادبا اشرف کی سہیلی 17سالہ ریحانہ اختر ساکن بٹہ مالوسرینگر اپنی نجی گاڑی میں سیر وتفریح کی غرض سے دن کے گیارہ بجے درنگ پہنچے۔ گاڑی سے اترتے ہی انہوںنے نالہ فیروزپورہ میں تصاویر بنانی شروع کیں۔ ابھی یہ نالے میں ہی تھے کہ اس دوران اچانک نالہ میں پانی کا بہائو تیز ہوا اور انہوں نے کنارے پر آنے کی بہت کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوئے۔ پانی کا تیز بہائو انہیں اپنے ساتھ بہا کر لے گیا تاہم محمد اشرف خان کسی طرح نالے سے باہر آیا البتہ ادبا اشرف ،عائشہ بلال اسکا بھائی عماد بلال اور ریحانہ پانی میں ڈوب گئے۔ تھوڑی دوری پر عماد بلال اور ریحانہ کو مقامی لوگوں اور فوج و پولیس نے شدید زخمی حالت میں بچا لیااور صدراسپتال منتقل کیا البتہ11ویں جماعت میں زیر تعلیم ادبا اشرف اور 12ویں جماعت کی عاشہ بلال ، جو آپس میںماسہری بہنیں تھیں کو نیم مردہ حالت میں آدھ کلو میٹر دور نالے سے نکال کر سب ضلع اسپتال منتقل کیا گیا، جو بعد میں دم توڑ بیٹھیں۔محمد اشرف خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جس وقت وہ بچوں کے ساتھ تصاویر بنا رہے تھے اسوقت نالے میں تین چار انچ پانی کی سطح تھی، لیکن جب وہ بچوں کے ساتھ پانی کی لہروں میں ڈوب گیا اسوقت قریب چار فٹ سے زیادہ اونچائی میں پانی بہہ رہاتھا ۔انہوںنے نزدیکی پاور پروجیکٹ پر الزام عائدکیا کہ انہوںنے کسی وارننگ کے بغیر ہی ڈیم کا پانی چھوڑ دیا جس سے پانی کا بہاو اسقدر بڑھ گیاکہ اسکی دنیا کی اجڑ گئی۔ درنگ ٹنگمرگ میں نالہ فیروزپورہ میں پانی چھوڑنے سے دو مصوم بچیوں کی موت واقع ہونے پر چیئرمین بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ٹنگمرگ عبدالغنی میر نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایل جی انتظامیہ اور محکمہ سیاحت سے اپیل کی ہے کہ یا تو سیاحتی مقام درنگ میں قائم پاور پروجیکٹ کو بند کرے یا وہاں آنے والے سیاحوں کی آمدپرمکمل پابندی عائد کی جائے تاکہ اس طرح آئندہ کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔