جموں //سالانہ دربار منتقل ہونے یا نہ ہونے کی کی قیاس آرائیوں کے بیچ حکومت نے اس کی منتقلی کا حکم جاری کیاہے جس کے مطابق 26جون کو دفتر جموں میں بندہوکر 06جولائی کو سرینگر میں کھل جائیں گے ۔اگرچہ ہر سال دربار کی منتقلی مئی کے پہلے ہفتے ہواکرتی تھی لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اس بار اس میں 2ماہ کی تاخیر ہوئی ہے۔محکمہ عمومی انتظامی کی طرف سے جاری ہونے والے حکمنامہ زیر نمبر 626-JK(GAD)بتاریخ 08/06/2020میں بتایاگیاہے کہ سیول سیکریٹریٹ کے گرمائی دفاتر سرینگر میں باضابطہ طور پر 6جولائی بروز سوموار صبح ساڑھے 9بجے کھل جائیں گے ۔یہ دفاتر26 جو ن کو بروز جمعہ جموں میں بند ہوجائیں گے تاہم جموں سیول سیکریٹریٹ میں دفاتریکم جولائی کو دوبارہ سے کھلیں گے۔حکمنامہ میں بتایاگیاہے کہ سرینگر اور جموں دونوں جگہوں پر سیول سیکریٹریٹ دفاتر بدستور کام جاری رکھیں گے اور’جو جہاں ہے وہ وہاں ‘کی بنیاد پرملازم حاضری دیں گے۔یعنی جموں کے ملازم جموں جبکہ کشمیر کے ملازم سرینگر سیکریٹریٹ میں حاضر رہیں گے ۔اسی طرح سے سیول سیکریٹریٹ سے منسلک دیگر دفاتر بھی کام کریں گے ۔حکمنامہ کے مطابق تمام محکمہ جات دونوں جگہوں سے کام کریں گے اورانتظامی سیکریٹری جموں و سرینگر میں کام کاج جاری رکھنے کیلئے درکارانتظامات کو یقینی بنائیں گے جبکہ اسی طرح کے انتظامات شعبہ جات کے سربراہان کی طرف سے بھی کئے جائیں گے۔سیول سیکریٹریٹ ٹریجری اور جموں وکشمیربینک موونگ برانچ دونوں جگہوں سے کام کرے گی جبکہ محکمہ خزانہ اس کیلئے مناسب میکانزم دستیاب رکھے گا۔اسی طرح سے سیول سیکریٹریٹ کی ڈسپنسری بھی دونوں جگہوں پر کام کرے گی جس کیلئے محکمہ صحت و طبی تعلیم کو انتظامات کرنے ہوںگے۔ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو دونوں جگہوں پر فائلیں دستیاب رکھنے کیلئے ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کرنے کاکہاگیاہے ۔ اسی طرح سے محکمہ ایسٹیٹ افسران و ملازمین کو دونوں جگہوں پر ضرورت کے مطابق اقامتی سہولیات فراہم کرے گا۔