جاوید اقبال
مینڈھر//خطہ پیرپنچال کی عظیم علمی دانشگاہ دارالعلوم محمودیہ مینڈھر اور اس کے زیر انتظام چلنے والے عصری تعلیمی ادارے مدینہ پبلک اسکول قاسم نگر مینڈھرکا سالانہ تعلیمی اجلاس عام و جلسہ دستاربندی و تقسیم انعامات منعقد ہوا۔ اس تقریب کی پہلی نشست 15 فروری کو مغرب کی نماز سے عشاء کی نماز تک ہوئی۔ اس نشست کے مہمان خصوصی حضرت مولانا عبدالرشید صاحب قاسمی تھے۔نشست کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعتیہ کلام سے ہوا۔ پھر عربی اول کے طالبعلم سید عرفان نے صرف کے ابواب کا خلاصہ پیش کیا۔ اس کے بعد عربی اول کے طلبہ کے مابین نحو و صرف کا مسابقہ ہوا جس میں شعبہ عربی کے آٹھ طلباء محمد مصدق، حافظ ساجد اقبال، فرحان احمد، فاروق احمد، محمد ساجد خان، سید احسان الہی، سید عرفان، عبدالباسط نے شرکت کی۔ مدرسے کے شعبہ عربی کے اساتذہ مولانا شہزاد انوری اور مفتی طارق محمود رحیمی نے طلبہ کرام سے مختلف سوالات کئے جن پر طلباء نے قرآن کریم سے جوابات دئے۔ سوال و جواب کا یہ سلسلہ تقریباً بیس منٹ تک جاری رہا۔دوسری نشست 16 فروری کو صبح دس بجے سے دو بجے تک منعقد ہوئی۔ اس نشست کے مہمانان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر عبدالروف، ریٹائرڈ پرنسپل ڈگری کالج، اور پروفیسر ڈاکٹر سرشاد حسین، ڈگری کالج مینڈھر تھے۔ دونوں نشستوں کی صدارت حضرت مولانا فتح محمد مہتمم دارالعلوم محمودیہ و چیئرمین مدینہ پبلک اسکول قاسم نگر مینڈھرنے کی۔ نظامت کے فرائض مفتی عبدالرحیم انوری، مفتی طارق محمود رحیمی، اور مولوی عبیداللہ رضوان نے انجام دئے۔دوسری نشست کا آغاز بھی تلاوت کلام پاک سے ہوا، اس کے بعد نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ عقیدت میں درود شریف پیش کیا گیا اور مدرسے کے طلباء نے نعت کی شکل میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس کے بعد مختلف شعبہ جات؛ دینیات، ناظرہ قرآن، تحفیظ القرآن، عربی، انجمن اصلاح البیان، لجن القراء ۃ والتجوید، بزم حمد و نعت، الندو الادبیہ اور مدینہ پبلک اسکول کے طلباء نے رنگا رنگ پروگرامز پیش کئے۔ مدینہ پبلک اسکول کے نونہال طلباء نے انگریزی تقاریر کے ساتھ سائنسی ماڈلز کے ذریعے عوام کو پانی کی اہمیت، کیمیکلز کے نقصانات اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کیا۔جلسے کے اختتام پر صدر اجلاس مولانا فتح محمد نے صدارتی کلمات ارشاد فرمائے اور مہمانان خصوصی کو ردائے تکریم پیش کی۔ اس موقع پر دارالعلوم محمودیہ کے چار حفاظ کرام، حافظ فیضان احمد، حافظ ابوبکر، حافظ ساجد نذیر، حافظ بشارت حسین کی دستاربندی کی گئی۔ علاوہ ازیں، ادارے سے تعلیم حاصل کرکے دورہ حدیث کی تکمیل کرنے والے فضلاء کو بھی ردائے تکریم پہنائی گئی۔ ان میں مولوی طارق محمود فلاحی، مولوی عبیداللہ رضوان فلاحی، مولوی محمد عابد فلاحی، مولوی شعیب سلیم اشرفی، مولوی محمد محب ضیاء اشرفی، مولوی جمیل ملک اشرفی، اور مولوی مزمل الحسن اشرفی شامل تھے۔آخر میں، پروگرام کے مہمانان خصوصی نے ادارے کی کامیاب کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور صدر اجلاس کی دعا کے ساتھ یہ عظیم اجتماع اختتام پذیر ہوا۔