خورشید گنائی نے جموں میں عوامی شکایات سُنیں

جموں//عوامی شکایات کے ازالہ کے ہفتہ وار پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر کئی وفود اور افراد نے آج یہاں کنونشن سینٹر کنال روڈ میں گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سے ملاقات کی اور انہیں اپنی شکایات و مطالبات کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے اپنے مسائل کو حل کرنے کی درخواست کی۔ جموں خطہ سے تعلق رکھنے والے تقریباً100 لوگوں نے مشیرموصوف کو سڑک رابطے، تعلیم اور دیگر مطالبات کی فہرست پیش کی۔ ان لوگوں میں سرکاری ملازمین بھی شامل تھے جنہوں نے اپنے ذاتی مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ضلع ڈوڈہ کے بلاک اسر سے تعلق رکھنے والے سرپنچوں اور پنچوں کے ایک وفد نے مشیر موصوف کو علاقہ میں سبزیوں کی کاشت کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے علاقہ میں میوے اور سبزی منڈی قائم کرنے کا مطالبہ کیا ا کہ کسان علاقہ کی سبزیاں اور میوے بغیر کسی دقت سے فروخت کرسکیں۔ وفد نے سب ڈویثرن اسر میں گورنمنٹ ڈگری کالج قائم کرنے کی بھی مانگ کی۔وفد کے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے مشیر موصوف نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔علاقہ کی زرعی پیداوار کا ذکر کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ اس علاقہ میں کسانوں کو نئی زرعی ٹیکنالوجی کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کے لئے ایکسٹنشن پروگرام کا انعقاد کرے۔انہوں نے زرعی شعبۂ کے علاوہ پھولبانی اور باغبانی سیکٹروں کو ترقی دینے کی یقین دہانی کرائی۔مشیر موصوف نے وفد سے کہا کہ حکومت زرعی سیکٹر کے علاوہ اس سے منسلک شعبوں کو ترقی دینے کے لئے کئی اقدامات اٹھارہی ہے تا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ کسانوں کو مارکیٹنگ کی سہولیات دستیاب ہوسکیں۔آر ایس پورہ کے دبلیڑ سے تعلق رکھنے والے گرام ویلفئیر اینڈ ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے وفد نے قصبہ میں لڑکوں اور لڑکیوں کے الگ الگ کالج قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے دبلیڑ نیابت کو چکروئی سے آر ایس پورہ منتقل کرنے،دبلیڑ میں پُرانے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول عمارت کی ازسر نو تعمیر کا بھی مطالبہ کیا۔اسی طرح سانبہ کے رتوانہ اور سرارا پنچائتوں کے ایک وفد نے گورنمنٹ ہائی سکول کو ہائیر سکینڈری سکول کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا۔گول گجرال کیمپ کے عوام نے سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا راجوری کے تھنہ منڈی علاقہ سے تعلق رکھنے والے وفد نے منگوتہ سے محلہ ہِل تک لنک روڈ کی تعمیر کی مانگ کی۔ ڈی۔ ایل ۔ایڈ اداروں کی انجمن نے الیمنٹری ٹیچرس ٹریننگ انسٹی چیوشنوں میں دو سالہ ڈپلومہ کورس چلانے کے لئے این او سی کی رینول کا مطالبہ کیا۔جموں ہوٹل، ریسٹورانٹ اینڈ بار ایسوسی ایشن، انٹیک چیپٹر جموں، کنٹریکچول کالج ٹیچرز اور دیگر لوگوں نے بھی مشیر موصوف کو اپنے مطالبات اور شکایات کے بارے میں جانکاری دی۔مشیر موصوف نے تمام وفود اورا فراد کو یقین دلایا کہ ان کے جائیز مطالبات و شکایات پر غور کیا جائے گا اور متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایاجائے گا۔