جموں//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے لفٹینٹ گورنر کی ہدایات پریہاں وزیر اعظم کے اعلان کردہ ’آتم نربھر بھارت ابھیان ‘(خودانحصاربھارت مہم)کے مختلف پہلوؤں کے تحت پروگراموں کی فوری اور موثر عمل آوری کیلئے جاری تیاریوں کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی ۔ دورانِ میٹنگ بتایا گیا کہ آتم نربھر بھارت ابھیان 20 لاکھ کروڑ روپے کا ایک خصوصی اقتصادی اور جامع پیکیج ہے ۔ اس پیکیج کا جو بھارت کے جی ڈی پی کے دس فیصد کے برابر ہے ،حال ہی میں مرکزی حکومت نے مختلف طبقوں بشمول گھریلو صنعتوں، چھوٹے اور درمیانہ درجے کی صنعتوں ، کامگاروں ، درمیانی درجے سے وابستہ کنبوں اور صنعتوں کی بہبود کیلئے اعلان کیا ہے ۔اس پیکیج کا مقصد ملک کو خود انحصاری اور تیز تر ترقی کی جانب رواں کرنا ہے ۔ پیکیج کے مختلف اجزاء پر غور و خوض کے دوران چیف سیکرٹری نے افسروں کو معیشت ، بنیادی ڈھانچہ ، انتظامیہ ، فعال مردم نگاری اور مانگ جو کہ پروگرام کے اہم ستون ہیں، کو مدِ نظر رکھ کر اعلانات اور متعلقہ اہداف کا بغور تجزیہ کرنے کیلئے کہا ۔ چیف سیکرٹری نے انتظامی سیکرٹریوں کی قیادت میں مخصوص ٹاسک فورسوں کی تشکیل کی بھی ہدایت دی تا کہ ذرائع اور رقومات کا بہتر استعمال اور مقررہ مدت کے اندر ترقی کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مختلف محکموں کے استحقاق کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے سٹیٹ لیول بینکرز کمیٹی کی خصوصی میٹنگ طلب کرنے کیلئے بھی کہا تا کہ آتم نربھر بھارت ابھیان کے تحت بنکوں ، زراعت اور صنعتوں سے متعلق معاملات پر غور و خوض کیا جا سکے اور بہبودی اقدامات کے فوائد ضرورتمندوں تک بروقت پہنچائے جا سکیں ۔ فائنانشل کمشنر محکمہ خزانہ ، داخلہ ، تعلیم ، زراعت ، مال، بجلی ، سماجی بہبود محکموں کے پرنسپل سیکرٹری ، جنگلات ، ماحولیات ، محنت و روز گار اور جل شکتی محکموں کے کمشنر سیکرٹریز اور منصوبہ بندی و نگرانی ، دیہی ترقی ، پنچائتی راج محکموں کے سیکریٹری بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔