عمر رسیدہ خاتون سمیت 3افراد جاں بحق، 6زخمی،بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ 3گھنٹے بعد بحال
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں مسلسل موسلا دھار بارش، سیلابی ریلوں، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔مختلف علاقوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پیر کے روز ضلع میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں 3افراد جاں بحق جبکہ 6زخمی ہوئے ہیں۔متعدد رابطہ سڑکیں بند ہیں، بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر ہے جبکہ کئی علاقوں میں عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق ڈوڈہ بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر راگی نالہ کے قریب بھدرواہ سے جموں کی طرف آرہی ایک بس زیر نمبر JK02AB4877پر پہاڑی کا ایک بڑا حصہ گر پڑا جس کے باعث 2افراد از جان اور 6زخمی ہوئے۔ اس دوران دیگر 2نجی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی، سیول ،پولیس و سیکورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچے اور بچاؤ کاروائی شروع کی۔زخمیوں میں شفافیہ زوجہ منظور اختر ساکن بھالابھدرواہ، مونی دیوی زوجہ راجندر کمار ساکن جودھپورہ ، سلیم ساکن ادھم پور اور راجیش کمار ولد نریندر کمار ساکن بھدرواہ، ستیہ دیوی زوجہ راجیش کمار ساکنہ بھدرواہ و رابیہ بیگم (36)زوجہ امتیاز احمد شامل ہیں جنہیں نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے رابیہ بیگم کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ و جبکہ کلونت سنگھ (30)ولد بودھی سنگھ ساکنہ بیجارنی و منیش کمار(26)ولد سریندر سنگھ ساکنہ بھدرواہ جاں بحق ہوگئے۔ دریں اثنا تحصیل گنیکا کے گاؤں جٹھی میں اپنے گھر کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے دوران چٹان گرنے سے 85سالہ شیو دیوی زوجہ جگیر سنگھ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔ادھر بیجارنی ڈوڈہ سے کلونت سنگھ ولد بودھی سنگھ، عمر تقریباً 30سال کی لاش برآمد ہوئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی موت بھی طوفانی بارش کے دوران ہوئی تاہم حکام مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔اس طرح سے ضلع میں پیر کے روز الگ الگ واقعات میں ایک عمر رسیدہ خاتون سمیت 4لوگوں کی موت و 6زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب پتھرا دھار، ملان دیسہ میں آسمانی بجلی گرنے سے تقریباً پانچ سے چھ مویشی اور دیگر جانور ہلاک ہوگئے۔ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ انل کمار ٹھاکر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ضلع میں پیر کو شدید بارش ہوئی جس کے نتیجے میں دو الگ الگ واقعات میں 3افراد از جان و 6دیگر زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مال مویشیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔اے ڈی سی نے بتایا کہ فیلڈ عملہ سے نقصانات کی مکمل رپورٹ طلب کی گئی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے موسمی ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے،شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ڈوڈہ-بٹوت-کشتواڑ قومی شاہراہ کئی مقامات پر ملبہ آنے کی وجہ سے بند ہوگئی تھی، تاہم متعلقہ محکموں کی مسلسل کارروائی کے بعد تقریباً دو گھنٹے بعد شاہراہ کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔اس کے باوجود ضلع کی متعدد اندرونی اور رابطہ سڑکیں اب بھی بند ہیں جبکہ بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔اس دوران زرعی شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ محکموں کی ہدایات پر عمل کریں۔