سیلابی صورتحال ڈ اور لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت
عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ دنوں میں شدید سے شدید بارش، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر موسمی ہنگامی صورتحال کے خدشات کے پیش نظر ضلع پونچھ کے تمام طبی اداروں کو فوری طور پر ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ڈاکٹر پرویز احمد خان کی جانب سے باضابطہ احکامات جاری کیے گئے ہیں۔سرکاری حکم نامے کے مطابق ضلع بھر کے تمام میڈیکل آفیسرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ہیلتھ کیئر ملازمین کی تمام چھٹیاں فوری اثر سے منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ زچگی کی چھٹی کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
حکم نامے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ احکامات تک کسی بھی ملازم کو نئی چھٹی منظور نہیں کی جائے گی۔یہ ہدایات ضلع ہسپتال پونچھ، سب ضلع ہسپتال مینڈھر، سرنکوٹ اور منڈی کے علاوہ تمام پرائمری ہیلتھ سینٹروں (PHCs)، نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹروں (NTPHCs) اور سب سینٹروں پر نافذ العمل ہوں گی۔سی ایم او پونچھ نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ طبی اداروں میں عملے کی مکمل حاضری کو یقینی بنایا جائے اور ایمرجنسی ادویات، آکسیجن سلنڈرز، ڈریسنگ میٹریل اور جان بچانے والے آلات کا وافر ذخیرہ برقرار رکھا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایمبولینس سروسز اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔حکام کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ سول انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھیں تاکہ خراب موسم کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔چیف میڈیکل آفیسر نے مینڈھر، منڈی اور سرنکوٹ کے بلاک میڈیکل آفیسرز کو اپنے اپنے علاقوں میں کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ انہیں کہا گیا ہے کہ نامزد نوڈل افسران کے نام، عہدے اور رابطہ نمبر فوری طور پر جمع کرائے جائیں تاکہ نگرانی اور امدادی کارروائیوں میں بہتر تال میل قائم رکھا جا سکے۔ڈاکٹر پرویز احمد خان نے خبردار کیا ہے کہ جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات ممکنہ خراب موسمی حالات کے دوران عوام کو بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے احتیاطی طور پر کیے گئے ہیں۔