بسنل کی ترسیلی لائنوں کیلئے کھدائی
پونچھ کی کئی نالیاں بند ، لوگ حکام پر برہم
حسین محتشم
پونچھ // پونچھ میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوتے ہی نکاسی نالیاں اور نالے بند ہو جانے کی وجہ سے کچرا سڑکوں پر بہہ کر راہگیروں اور دکانداروں کے لئے پریشانی کا باعث بننے لگاہے۔حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ایک بار پھر سے نکاسی نالیوں کے بند پڑنے سے لوگوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑاجس کے بعد اگرچہ میونسپل کمیٹی پونچھ کی جانب سے جے سی پی لگا کر نالیوں کی صفائی کروائی گئی لیکن معاملہ حل نہیںہوااور مزید بارشیں ہونے پر پھر سے ایسے ہی حالات کا سامنا کرنے کا اندیشہ لاحق ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق نالیاں بند ہونے کی سب سے بڑی وجہ بسنل کی ترسیلی لائنوں کیلئے کھدائی کاکام ہے ۔بسنل کی جانب سے بچھائی گئی ٹیلیفون کی ترسیلی لائنیںصفائی کے کام میں خلل ڈالتی ہیںجس کی وجہ سے بارشوں میں نالیاں بند ہورہی ہیں۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے ایگزیکٹو افسرارشاد حسین صوفی نے کہا کہ بسنل کی تاریں چونکہ نالیوں میں پھنسی ہیں اس لئے ان کے محکمہ کے صفائی کرمچاریوں کو مشکلات کاسامناہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں محکمہ بسنل کے افسران سے مل کر انہیںاپیل کریں گے کہ وہ تاروں کو نالیوں سے نکال کر کسی ایسی جگہ منتقل کریں جہاں انہیں بھی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے ۔
انتخابات اکیلے لڑنے کا اعلان
یوتھ نیشنل کانفرنس نے بیان کا خیر مقدم کیا
بختیار حسین
سرنکوٹ//یوتھ نیشنل کانفرنس نے پارٹی کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے اس بیان کا خیر مقدم کیاہے جس میں انہوںنے آئندہ اسمبلی چنائو اکیلے لڑنے کا اعلان کیاہے ۔یوتھ کارکنان کا ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت صوبائی سیکریٹری اویس بخاری نے کی۔ اویس نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد ثانی ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا بیان یقینا پارٹی کیلئے فائدہ مند رہے گا اور اس سے نیشنل کانفرنس کے کارکنان کا حوصلہ بڑھے گا۔ ان کاکہناتھاکہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا تن تنہا الیکشن لڑنے کا فیصلہ قابل سراہنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس آئندہ چنائو میں اکثریت حاصل کرکے اپنے بل بوتے پر حکومت بنائے گی ۔اویس بخاری نے کہاکہ نیشنل کانفرنس ریاست کی سالمیت کی ضامن ہے اور پارٹی نے ریاست کی وحدت کو برقرار رکھنے کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں ۔اس موقعہ پریوتھ نیشنل کانفرنس تحصیل صدر سکندر نورانی،صوبائی جوائنٹ سیکریٹری طاہر مرزا،یوتھ صدر بلاک بفلیازشیراز ملک ،یوتھ صدر بلاک سرنکوٹ مختار زرگر ،بلاک صدر شیندرہ طارق مغل، بلاک صدر میدانہ فردوس خواجہ،نائب صدر سرنکوٹ ہارون خان،انجم خواجہ اوراحمد رضابھی موجود تھے۔
طالبات ترک تعلیم پر مجبور
منجاکوٹ کیلئے کالج کے قیام کامطالبہ
منجاکوٹ //منجاکوٹ تحصیل جغرافیائی طور پر کافی وسیع علاقے پر محیط ہے اور اس تحصیل میں کم سے کم چار ہائرسکینڈری سکول ہیں تاہم کالج نہ ہونے کے باعث بیشتر طلباء خاص کر طالبات ترک تعلیم پر مجبور ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ علاقے کے غریب طلباء بھی راجوری میں جاکر تعلیم حاصل نہیں کرپاتے کیونکہ انکے پاس اتنے پیسے نہیںہوتے کہ وہ کرایہ کے کمرے میں راجوری ٹھہر سکیں ۔منجاکوٹ سے راجوری تک کاسفر طے کرنے میں ایک گھنٹہ سے زائد وقت لگتاہے اور طلباء کیلئے بھی آسان نہیں کہ وہ روزانہ گھر سے راجوری کالج جائیں اور پھر کلاسوں میںشامل ہوکر واپس گھر بھی پہنچ پائیں ۔ اگرچہ منجاکوٹ خاص کے طلباء ایسا کربھی سکتے ہیں لیکن دور دراز علاقوں میں رہنے طلباء کیلئے یہ مشق دہرانایہ ناممکن ہے ۔مقامی لوگ کئی عرصہ سے اس بات کا مطالبہ کررہے ہیں کہ منجاکوٹ میں کالج کا قیام عمل میں لایاجائے تاکہ طلباء آسانی سے مقامی سطح پر ہی تعلیم حاصل کرسکیں اور کسی کو بھی ترک تعلیم پر مجبور نہ ہوناپڑے تاہم حکام نے ہر بار وعدہ تو کیالیکن ابھی تک اس پر عمل درآمد نہیں کیاگیا۔ نیشنل کانفرنس کے مقامی نوجوان لیڈر ایڈووکیٹ عبدالقادر خان نے ریاستی حکومت خاص کر وزیر تعلیم پر زور دیاہے کہ وہ منجاکوٹ میں کالج کے قیام کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں ۔ انہوںنے کہاکہ غریب طلباء اور طالبات کیلئے یہ امر مشکل ہے کہ وہ روزانہ راجوری پہنچ کر تعلیم حاصل کریں یا پھر راجوری میں ہی کرایہ کے کمروں میں قیام کریں اس لئے انہیں مقامی سطح پر ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی سہولت ملنی چاہئے ۔ ایڈووکیٹ عبدالقادر خان کاکہناتھاکہ حکومت معیاری تعلیم پر زور دے رہی ہے لیکن افسوسناک بات ہے کہ منجاکوٹ میںکسی طرح کی اعلیٰ تعلیم دی ہی نہیں جارہی ۔انہوںنے کہاکہ منجاکوٹ وسیع وعریض علاقہ ہے جو سرحد پر واقع ہے اور یہاں کے طلباء کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ نہیں کیاجاناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ اس علاقے کے جغرافیہ اور طلباء کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے کالج کے قیام کا اعلان کیاجائے اور اگلے تعلیمی سیشن سے یہاں کلاسیں شروع کی جائیں ۔
کالابن میں جشن ولادتِ محسنِ کائنات منایا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر//دنیا بھر میں امتِ مسلمہ میلاد مصطفیٰؐ بڑی عقیدت و احترام سے منا رہی ہے وہی مینڈھر میںبھی ان مقدس ایام کے دوران فرزندانِ توحید جا بجا روح پرور تقاریب کا انعقاد کرکے آقا ؐکے حضور میں آپنی غلامی کا ثبوت پیش کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میںممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے اپنے آبائی گائوں کالابن میں میلاد مصطفیٰؐ کی نشست کا اہتمام کیا ۔اس موقعہ پر علماء و مقررین نے سیرت اور صورت مصطفیٰؐ پر تفصیلاً روشنی ڈالی۔امام و خطیب جامع مسجد دھڑاں کالابن نے محسن کائنات کی مبارک زندگی کے مختلف پہلوئوں پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انسانیت خصوصاً امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کی اصل وجہ یہ ہے کہ مسلمانان عالم قرآن و حدیث سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ ممبر اسمبلی مینڈھر نے کہا کہ امتِ مسلمہ کی بدحالی اور مظلومیت کی اصل وجہ یہ ہے کہ آج وہ رسول اکرم ؐ کی تعلیمات سے انحراف کرگئے ہیں جس کی وجہ سے عالمِ اسلام کو بیشمار مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنے عقائید اورا عمال کا محاسبہ کرنا ہو گااور اس رسوائی اور خفت کی اصل وجہ تلاش کرنی ہو گی۔ جاوید احمد رانا نے کہا کہ قرآن اور حدیث کی تعلیمات کے ذریعہ ہی مشرکین اور منافقین کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔
طلباء کو 30کلومیٹر کا سفر طے کرنا پڑتا ہے
ہائی سکول نارلہ کا درجہ بڑھانے کی مانگ
نیوز ڈیسک
کوٹرنکہ //تعلیمی اعتبار سے سب سے پسماندہ شمار کئے جانے والے زون خواس میں جہاں تدریسی عملے کی قلت پائی جارہی ہے وہیں پریشانی یہ بھی ہے کہ کہیں ہائراسکینڈری سکول نہیں تو کہیں ہائی سکول نہیں ۔ نارلہ علاقے کے لوگوں نے مانگ کی ہے کہ ہائی سکول نارلہ کادرجہ بڑھاکر اسے ہائراسکینڈری سکول بنایاجائے ۔مقامی شخص حافظ عبدالقیوم نے کہا کہ نارلہ اور کوٹ چروال کے طلاب کو ہائرسیکنڈری سکول جانے کیلئے لگ بھگ 30کلومیٹر کا سفر طے کرکے خواس یاپھر موگلا جاناپڑتاہے جو آسان کام نہیں اس لئے سکول کادرجہ بڑھاکر اسے ہائراسکینڈری بنایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ مقامی سطح پر ہائراسکینڈری سکول نہ ہونے کے باعث بیشتر طلباء ترک تعلیم پر مجبورہوتے ہیں ۔
راجوری میں غریب کنبے کاگھر منہدم
نیوز ڈیسک
راجوری //راجوری کی بیلہ کالونی میں ایک غریب گھرانے کا مکان منہدم ہوگیاہے ۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ شب تیز بارش کے دوران بدر حسین ولد عبدالقیوم کا رسوئی خانہ اور رہائشی مکان منہدم ہوگیاجس کے بعد یہ کنبہ کھلے آسمان تلے ہے ۔یہ مکان راجوری کے وارڈ نمبر دو میں واقع ہے ۔اس دوران گھر میںرکھی ہوئی اشیاء بھی تباہ ہوگئیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ اہل خانہ نے مشکل سے اپنی جان بچائی نہیں تو بڑا حادثہ رونماہوسکتاتھا۔متاثرہ کنبے نے انتظامیہ و حکومت سے مانگ کی ہے کہ انہیں امداد دی جائے تاکہ وہ پھر سے مکان تعمیر کرسکیں نہیں توان کا گزربسر مشکل ہوجائے گا۔
چکاں داباغ تجارت
۔18مال بردار ٹرک آر پارہوئے
پونچھ //پونچھ کے چکاں داباغ کراسنگ پوائنٹ سے تجارت کا سلسلہ جاری ہے اور بدھ کے روز 18مال بردار ٹرک حد متارکہ کے آرپار ہوئے ۔اس دوران دس ٹرک پونچھ سے پاکستانی زیر انتظام کشمیر روانہ کئے گئے جن میں سے زیادہ تر میں تازہ پھل تھے ۔وہیں دوسری طرف پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے آٹھ ٹرک سامان لیکر پونچھ ٹریڈ سنٹر پہنچے ۔کسٹوڈین کراس ایل او سی ٹریڈ تنویر احمد نے بتایاکہ اٹھارہ ٹرکوں کو آر پار جانے کا راستہ فراہم کیاگیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے پونچھ پہنچنے والے ایک ٹرک میں پاکستانی کرنسی کے سکے برآمد ہوئے جس بناپر ٹرک کو ضبط کرکے اس کے ڈرائیور سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔