سومو ڈرائیوروں کی من مانی
فحش موسیقی اور ائورلوڈنگ سے مسافر پریشان
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے لوگوں نے سومو ڈرائیوروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ دوران سفرنہ صرف بلند آواز میںفحش موسیقی چلاتے ہیں بلکہ ایک ایک گاڑی میں پندرہ پندرہ سواریاں بھردیتے ہیں اور کوئی بات کرنے پر بدتمیزی سے پیش آتے ہیں ۔ایڈووکیٹ فرید احمد قریشی ،ایڈووکیٹ وسیم احمد خان، ایڈووکیٹ آصف اقبال خان،وقار احمد اور شوکت حسین نے کہا کہ زیادہ تر سومو ڈرائیور کھلے عام ٹیپ ریکارڈرپر فحش گانے لگا کر گاڑی چلاتے ہیں اور انہی گاڑیوں میں مائیں بہنیں بھی سوار ہوتی ہیں لیکن اگر کوئی آدمی غلطی سے ان کو ٹیپ بند کرنے کے لئے کہے تو وہ گاڑی سے ہی اترنے کیلئے کہتے ہیں۔ان کاکہناہے کہ ایک سومو گاڑی میں دس افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے جبکہ ڈرائیور پندرہ سواریاں گاڑی کے اندر بٹھاتے ہیں اور بعض اوقات اس کی سیڑھیاں اور چھت بھی لدھے ہوتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر کوئی اس پر بات کرتے تو اس کے ساتھ بدتمیزی کی جاتی ہے اور مینڈھر میں ڈرائیوروں کا اپناہی قانون چل رہاہے ۔انہوںنے کہاکہ ایک عزت شخص گاڑی میں سفر ہی نہیں کرسکتا۔انہوںنے انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس پر فوری کارروائی کی جائے اورڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کا پابند بنایاجائے ۔
ملازمین پر ایمانداری سے کام نہ کرنیکا الزام
پونچھ//محکمہ دیہی ترقی میںتعینات جی آر ایس عہدیداران پر کام ایمانداری سے نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پنتھرز پارٹی کے ریاستی سیکریٹری زور آور سنگھ شہباز نے کہاکہ تین سال قبل ہوئے کاموں کی اجرت بھی ابھی تک واگزار نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے لوگ پریشان حال ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جو سیمنٹ محکمہ کی جانب سے لوگوں کو دی جاتی ہے، اس میں ٹھیکیداروں کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا جس کیلئے سب سے زیادہ قصور وار گرام روزگار سیوک ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ کام مطالبے کے مطابق نہیںدیاجاتااور مطالبہ کے بعد کہاجاتاہے کہ سرپنچ نے یہ کام دوسری جگہ منتقل کردیاہے ۔ انہوںنے وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایتی راج سے اپیل کی کہ وہ ملازمین کو ایمانداری سے کام کرنے کی ہدایت دیں ۔انہوںنے اے سی ڈی سے بھی کارروائی کی مانگ کی ہے ۔ اس موقعہ پر ٹھاکر رام سنگھ ،سرجیت سنگھ کوچھڑ ،راشد اقبال ،تنویر سہروردی اور ولی محمد خان بھی موجو دتھے ۔
۔147جنگلاتی اراضی کا حصول
راجوری //ایک بڑی کامیابی کے طور پر محکمہ جنگلات نے نوشہرہ کے تریڑو بلاک کے لمیڑی رینج سے 147کنال جنگلاتی اراضی سے غیر قانونی قبضہ چھڑاتے ہوئے اسے حاصل کرلیاہے ۔کارروائی کے دوران کئی ڈھانچے بھی تباہ کئے گئے ۔ رینج افسر لمیڑی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فارسٹ پروٹیکشن فورس کی قیادت میں کی گئی یہ کارروائی دل پذیر ولد سائیں ساکن ہری چھمہ تحصیل تریاٹھ ضلع راجوری کی شکایت کے رد عمل میں ہوئی ۔یہ شکایت احتساب کمیشن میں درج کرائی گئی تھی ۔
3فیصدریزرویشن کی سفارشات کا خیر مقدم
جاوید اقبال
مینڈھر//پہاڑی ایکشن یوتھ فورم مینڈھر نے ریاستی بیکورڈکمیشن کی سفارشات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مخلوط سرکار کاشکریہ ادا کیاہے ۔تاہم تنظیم کے ارکان نے کہا کہ ریزرویشن آبادیاتی تناسب کے مطابق دی جائے تاکہ پہاڑی طبقہ کو برابری کا حق مل سکے۔ انہوں نے مخلوط سرکار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیکورڈ کلاسز کی سفارشات کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے اور طبقہ کو فوری طور شیڈیول ٹرائب کا درجہ بھی دلایا جائے ۔ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے عہدیداران ایڈووکیٹ شوکت، حاجی غلام نبی، محمد اعظم فانی، ماسٹر عنایت اللہ خان،سابق فارسٹر شمیم احمد خان، شبیر علی خان،صغیر علی خان،حاجی محمد صادق خان، حاجی خورشید میر، سابق ایس پی رزاق خان، خورشید احمد، شوکت علی خان،محمد معروف مغل وغیرہ نے وزیر اعلیٰ ،نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر برائے سماجی بہبود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بیکورڈ کمیشن کی سفارشات کا خیر مقدم کیا۔انہوںنے کہاکہ پہاڑی طبقہ کی یہ دیرینہ مانگ تھی جس کے پورا ہونے سے شیڈیول ٹرائب درجہ کے لئے راہ ہموار ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب سرکار کو بغیر وقت ضائع کئے مرکزی سرکار سے بات کرکے پہاڑی طبقہ کو شیڈیول ٹرائب درجہ دلاناچاہئے اور اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ پہاڑی طبقہ کے ساتھ مزید کوئی ناانصافی نہ ہونے پائے ۔انہوںنے کہاکہ پہاڑی قوم ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ بچوں کا مستقبل تباہ ہواس لئے ریاستی حکومت کو ان سفارشات پر عمل درآمد کرتے ہوئے شیڈیول ٹرائب کادرجہ دلاناچاہیے جس کا اس نے اپنے کم از کم مشترکہ پروگرام میں بھی اعلان کیاہے ۔واضح رہے کہ بیکورڈ کمیشن نے پہاڑی طبقہ کیلئے تین فیصد ریزریشن کی سفارش کی ہے ۔
انصاف مومنٹ کا یوم تاسیس پر اجلاس
پونچھ//پونچھ کی سماجی تنظیم جموں و کشمیر انصاف مومنٹ نے یوم تاسیس پر ایک اجلاس منعقد کیا ۔اس موقعہ پر اس تنظیم کے صدر جاوید اقبال ریشی نے کہا کہ وہ بلا لحاظ مذہب و ملت، رنگ و نسل و علاقائی تعصب متعلقہ حکام تک رسائی کرکے عوام کے مسائل حل کروانے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب اس تحریک کو مزید وسعت دینے پر غور کیاجارہاہے اورجلد ہی وہ اضلاع اور بلاکوں کی ٹیموں کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ انہوں نے انتظامیہ وپولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ آگے بھی اسی طرح کے تعاون کی امید کرتے ہیں۔انہوںنے ذرائع ابلاغ کا شکریہ بھی کیا ۔اس موقعہ پر ایڈووکیٹ امتیاز احمد،مومنٹ کے نائب صدر عبدالرشید شاہ پوری، سیکریٹری محمد رشید، خزانچی سہیم جعفر، حاجی یار محمد، اعجاز احمد کٹاریہ، لیاقت تاج چوہان، فاروق ملک، شکیل شاہ بھی موجو دتھے ۔
راجوری یونیورسٹی کی طرف سے کیپسٹی بلڈنگ پروگرام
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے شعبہ باٹنی کی طرف سے ’’دھنور گائوں کی شیڈیول کاسٹ اور شیڈیول ٹرائب دیہی خواتین کی سماجی و اقتصادی ترقی ‘‘نامی پروجیکٹ کے تحت کیپسٹی بلڈنگ پروگرام کا اہتمامن کیاگیا ۔ یہ پروجیکٹ حکومت ہند کے شعبہ بائیو ٹیکنالوجی کے تعاون سے چلایاجارہاہے ۔اس پروگرام کا مقصد خواتین کو خود کفیل بناناہے تاکہ ان کے معیار زندگی میں بہتر ی آسکے ۔ پروجیکٹ کے پرنسپل انوسٹی گیٹر ڈاکٹر شریکر پنت نے ’ورمی کمپوزنگ‘ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہاکہ یہ ماحول موافق ، سستا اور تجارت کیلئے فائدہ بخش ہے ۔پروگرام کے دوران آرگینک فارمنگ اور اس کے فائدے کے بارے میں بتایاگیا۔خواتین کو بتایاگیاکہ وہ کس طرح سے جدیدٹیکنالوجی کا استعمال کرکے اس سے فائدہ حاصل کرسکتی ہیں ۔اس پروگرام میں دھنورجرالاں، دھنور لوہاریاں ، دھنور ڈھنڈیاں اور دھنور گورسیاں کی لگ بھگ چالیس خواتین نے شرکت کی اور اپنے تجربات پر تاثرات بیان کئے ۔اس تربیتی پروگرام کے اہتمام میں دکشا کھجوریہ ، نازیہ پروین اور ارجن شرما نے بھی اپنا اپنا رول ادا کیا ۔
ایس ایچ او تھنہ منڈی کے تبادلے پر تقریب
طارق شال
تھنہ منڈی //ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر کرن چلوترا کے نوشہرہ تبادلے پر ان کے اعزاز میں تھنہ منڈی میںایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مقامی معززین، سیاسی نمائندگان،وکلاء اور دیگر لوگوںنے شرکت کی ۔تمام لوگوںنے چلوترا کی خدمات کی سراہناکرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے اہم کام کئے جن کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ وہ ایس ایچ او انسپکٹر نذیر احمد ڈار کاخیر مقدم کرتے ہیں جنہیں تھنہ منڈی میں تعینات کیاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ ڈار تھنہ منڈی میں مشکل حالات میں سب انسپکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور اپنے محکمہ میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔انہوںنے منشیات کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پولیس کو اس سلسلے میں مقامی لوگوں کی طرف سے ہرممکن تعاون ملے گا۔