۔2موٹرسائیکل چوری
جاوید اقبا ل
مینڈھر//مینڈھر میں گزشتہ شب دوموٹرسائیکل چوری کرلئے گئے جس کے بعد عوام میں سخت تشویش پائی جارہی ہے ۔اس سلسلے میں مالکان نے پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی ہے جس پرپولیس نے چوری کرنے والوں کی تلاش شروع کردی ہے تاہم ابھی تک ان کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چلا۔ چوری کے اس واقعہ کے بعدلوگوںمیں تشویش پائی جارہی ہے اور انکاکہناہے کہ اگرا س طرح سے گاڑیاں اورموٹرسائیکل چوری ہونے لگے تو پھر کسی کی بھی گاڑی محفوظ نہیں رہے گی ۔
انتظامیہ پر رشوت خوری کا الزام
سرنکوٹ// انجمن روداد بشر سرنکوٹ نے آدھار کارڈ بنانے والے عملے پر الزامات عائد کرتے ہوئے اس بات کادعویٰ کیاہے کہ ان لوگوںکے آدھار کارڈ جلد بنادیئے جاتے ہیں جو پیسے دیتے ہیں جبکہ ان کو دوسرے مہینے کی تاریخ دی جاتی ہے جو پیسے نہیں دیتے ۔ محمد عزیز خان انجمن چیئرمین ،جاوید چوہدری ،محمد لطیف مغل اورخورشید احمد گورسی نے سرنکوٹ کی پوری انتظامیہ پر ہی رشوت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ یہاںلوٹ کھسوٹ جاری ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس کی تحقیقات کرائی جائے کیونکہ اس میں انتظامیہ بھی ملوث ہے ۔
کوٹرنکہ میں میلادجلوس کے انتظامات کاجائزہ لیاگیا
کوٹرنکہ//ایس ڈی ایم کوٹرنکہ گوپال سنگھ کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں عید میلا النبی کی تیاریوںکاجائزہ لیاگیا ۔میٹنگ میں تحصیلدارمحمد رفیق،اے ای ای پی ایچ ای ، پرنسپل دارالعلوم الجامع القادریہ حافظ عبدالقیوم ،پرنسپل ماڈل ہائراسکنڈری سکول کوٹرنکہ محمدیوسف ، ایوب پہلوان، مشتاق پوسوال،نواز چوہدری ،مولانانظارت حسین،وجاہت حسین و دیگران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم نے امن و بھائی چارہ بنائے رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے افسران پر زور دیاکہ وہ میلاد کے سلسلے میں ہر ممکن انتظامات کریں ۔ اسلامیہ کمیٹی نے ایس ڈی ایم کو بتایاکہ جلوس کا گزر کن کن جگہوںسے ہوگاجس پر موصوف نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ جلوس کے دوران تمام قسم کے اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوںکوکوئی پریشانی نہ ہو۔انہوںنے کہاکہ ٹریفک کی وجہ سے جلوس محمدی کو پریشانی نہیں ہونی چاہئے ۔میٹنگ میں یہ فیصلہ لیاگیاکہ جلوس عیدگاہ سے شروع ہوکر ہسپتال اوربس اڈہ سے ہوتے ہوئے پولیس تھانہ سے واپس بازارکے راستہ جامع مسجد پہنچے گاجہاں جلسہ عام سے علمائے اکرام خطاب کریںگے۔
منڈی سیکلو میں محفل میلاد کا انعقاد
عشرت بٹ
منڈی//ماہِ ربیع الاوّل کے آغاز کے ساتھ ہی جہاں منڈی کے مختلف مقامات پر میلادالنبی کی محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے وہیں منگل کو سیکلو میں اسی طرح کی ایک محفل منعقد ہوئی جس میں مقامی لوگوں کے علاوہ تحصیل بھر کے مختلف مقامات سے بھی عوام نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر امام مرکزی جامع مسجد منڈی مولانا سید امین شاہ گیلانی، امام جامع مسجد پونچھ مفتی فاروق مصباحی ،امام جامع مسجد اعلیٰ پیرسید شاہد بخاری ، امام جامع مسجد لورن مولانا عبدالحمید اور مفتی غلام محمدنے خطاب کرتے ہوئے سیرت النبی پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد پر زور دیا۔انہوںنے کہاکہ میلاد کی محافل میں بڑھ چڑھ کا حصّہ لیا جانا چاہیے تاکہ سیرتِ نبی کو سنا جائے اور اس پر عمل بھی کیا جاسکے۔ سید امین شاہ گیلانی نے صدارتی خطبہ میں جہاں لوگوں کاشکریہ ادا کیا وہیں انہوںنے آئندہ دنوںہونے جارہی محافل میں بھی شرکت کی اپیل کی ۔اس دوران ٹرسٹ حضرت عبّاس شاہ غازی کی طرف سے علماءاور لوگوں کی موجودگی میں غریبوں اور مسکینوں میں کمبل تقسیم کئے گئے ۔ٹرسٹ کے چیئرمین لیکچرار محمد اسلم ملک ،نائب چیئرمین حاجی محمداشرف اوردیگر ارکان نے امت مسلمہ کو عید میلاد النبی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایسی محافل وقت کی ضرورت ہے تاکہ سیرت النبی کو عام کیاجاسکے ۔
منجاکوٹ میں سراسیمگی
خواتین کے کپڑوں میں ملبوس نوجوان کی نعش لٹکی ہوئی ملی
راجوری//راجوری کے منجاکوٹ علاقے میں اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب خواتین کے کپڑوں میں ملبوس ایک32سالہ نوجوان کو اپنے گھر کے نزدیک درخت سے پھانسی پر لٹکا ہوا پایا گیا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔32سالہ نوجوان محمد نصیر ولد عبدالحمید ساکن دریری کوپر اسرار طور مردہ پایا گیا۔اطلاع ملتے ہی جب پولیس اسٹیشن منجاکوٹ سے وابستہ اہلکاروںکی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی تو انہوں نے نصیر کو اپنے مکان سے تھوڑی دوری پرایک درخت سے پھانسی پر لٹکتا ہوا پایا۔پولیس کے مطابق محمدنصیر حیرت انگیز طور پرخواتین کےلئے مخصوص سرخ رنگ کا جوڑا پہنے ہوئے تھا اور وہ اسی جوڑے کے دوپٹے کے سہارے پھانسی پر لٹک رہا تھا۔پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لینے کے بعد اس کا پوسٹ مارٹم کرایا اور قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لاش ورثاءکے سپرد کی۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مذکورہ نوجوان نے کن حالات میں پھانسی پر لٹک گیاتاہم پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے چھان بین شروع کردی ہے۔پولیس اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے کہ آیا یہ خود کشی کا واقعہ ہے یا مذکورہ نوجوان کو پھانسی دیکر قتل کردیا گیا ہے ۔پولیس کے ایک آفیسر نے بتایا کہ اس بارے میں پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کے جسم پر عورت کے کپڑے ہونا ایک پر اسرار بات ہے جس کی تہہ تک جانے کی کوشش کی جائے گی۔
گھمبیر مغلاں میں تعمیروترقی کے کام ٹھپ
شبیر خان نے حکومت پر وعدے پورا نہ کرنیکا الزام لگایا
پرویز خان
منجاکوٹ//سابق وزیر شبیر احمد خان نے تحصیل منجاکوٹ کے گھمبیر مغلاں علاقے کا دورہ کیا۔انہوںنے لوگوں کے مسائل سنے اور تعمیروترقی کے کاموں کاجائزہ بھی لیا ۔اس موقعہ پر لوگوں نے بتایاکہ ان کے علاقے میں ترقیاتی کام ٹھپ پڑے ہیں اور سڑکوں کی حالت خراب ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پتراڑہ سے گھمبیر گالا تک سڑک خستہ حالی کاشکار ہے اوراسی طرح سے کوٹلی کالابن کی سڑک کاکام بھی تعطل کا شکار بن چکا ہے۔انہوںنے بتایاکہ پی ایچ سی گمبھیر مغلاں میں کئی ماہ سے ڈاکٹر کی اسامی خالی پڑی ہوئی ہے جس کے سبب لوگوں کو پی ایچ سی منجاکوٹ یا ضلع ہسپتال راجوری کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ان کاکہناتھاکہ پانی وبجلی جیسی سہولیات بھی میسر نہیںجس کی وجہ سے ہر ایک متاثر ہورہاہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ دن بچوں کی تعلیم کے دن ہیں لیکن بجلی نہ ہونے سے وہ پڑھ نہیں پاتے ۔انہوںنے کہاکہ سابق حکومت کے دور میں گھمبیر مغلاں میں تعمیروترقی کے کام شروع ہوئے لیکن انکو ٹھپ کردیاگیاہے ۔اپنے خطاب میں شبیر خان نے کہاکہ موجودہ حکومت اپنے وعدے ایفا کرنے میں ناکا م ہوگئی ہے اور گھمبیر مغلاں کی ترقی دیکھ کر اس کی کارکردگی کا پتہ چلتاہے ۔ ان کاکہناتھاکہ وہ مقامی مسائل کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لائیںگے ۔ اس موقعہ پر کانگریس کے سینئرلیڈر فاروق خان،سابق سرپنچ عبدالغنی،سابق سرپنچ اسحق،سابق سرپنچ وزیر، مولوی بشیر،سلیم مغل،سابق سرپنچ لطیف خان، شیرخان، جلیل مغل اور شکیل مغل وغیرہ بھی موجود تھے ۔