۔850کروڑ روپے گئے کہاں ؟
عوام کو جھوٹے وعدوں کے سوا کچھ نہ ملا:اقبال ملک
راجوری //کانگریس کے سینئر لیڈر محمد اقبال ملک نے کوٹرنکہ ،بدھل ،کنڈی کا تین روزہ دورہ کیا۔اپنے دورے کے دوران ڈاک بنگلہ کوٹرنکہ میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار و ضلع انتظامیہ درہال بدھل کی عوام کو تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز راج نگر بدھل کے گائوں گھبر میں سلیمہ اخترنامی خاتون کی موت ہوگئی لیکن علاقے کے ہسپتالوں میں ایک بھی گائنکالوجسٹ نہیں اورپچھلے دس سال سے کرسی پر بیٹھے چودھری ذوالفقار علی نے عوام کو جھوٹے وعدوں کے علاوہ کچھ نہ دیاہے۔ان کاکہناتھاکہ حاملہ خواتین صرف اس لئے جان سے ہاتھ دھوبیٹھتی ہیں کہ خواتین کے امراض کی ڈاکٹر نہیں ہیں جو حکومت کے لئے شرم کی بات ہے ۔کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کوٹرنکہ و بدھل میں ماہر ڈاکٹروں کی قلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ غریب عوام کو بدھل سے 60کلو میٹر کی مسافت طے کر کے راجوری ہسپتال جانا پڑتا ہے۔ ان کاکہناتھاکہ علاقہ میں 80فیصد سے زائد پرائمری ہیلتھ سب سنٹر برائے نام ہیں ،ملازمین جواب دہ نہیں اور ان کو کوئی پوچھنے والابھی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقامی نمائندہ روز 8.50کروڑکی فراہمی کا دعویٰ کرتاہے لیکن نہیں معلوم کہ یہ رقم گئی کہاں ۔ان کاکہناتھاکہ 2009 میں راجوری بدھل سڑک کی کشادگی کا کام محکمہ گریف نے ہاتھ میں لیا تھااور آٹھ سال گزر جانے کے بعد بھی اس کا کام آٹھ فیصد بھی نہ ہوسکاہے ۔ انہوں نے کہا کہ مندر گالہ تا پیڑی درحال سڑک کی حالت ایسی ہے کہ گھوڑوں کا چلنا بھی ناممکن ہے اوراسی طرح سے محکمہ تعمیرات عامہ اور پی ایم جی ایس وائی کے تحت بن رہی سڑکوں کا ابھی تک معاوضہ نہیں دیا گیا۔انہوںنے کہاکہ علاقہ بدھل ،ڈھنڈوت، گھبر، گلیر ،دراج ، کنڈی میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور کنتھول ،گندہ ،بیلا کے علاوہ درجنوں گائوں ایسے ہیں جو گھپ اندھیرے میںہیں۔اقبال ملک نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی قلت سے بچوں کا مستقبل تاریکی میں بدل رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہی نہیں ۔انہوںنے اس بات پر زور دیاکہ عوامی مسائل حل کئے جائیں ۔ ان کے ہمراہ کرامت ملک ، بشیر چستی ، بدردین ملک ،نذیر حسین ، ارسلان ملک ، بشارت راتھر ،شہزاد احمد، راکیش کمار ، محمد شوکت ،منظور حسین اور یشپال سنگھ بھی تھے ۔
بسنل سروس سے صارفین پریشان
کوٹرنکہ//کوٹرنکہ میں پچھلے تین سال سے بسنل کی سروس ناکارہ بنی ہوئی ہے۔مقامی لوگوںنے اس ناقص سروس سے تنگ آکربسنل کااستعمال ہی ترک کرنا شروع کردیاہے۔ بسنل صارف بلال احمد نے بتایا کہ پچھلے تین سال کے دوران لگاتار صارفین سے ہرماہ فیس وصول کی جارہی ہے لیکن سروس کا حال بہت ہی خراب ہے ۔انہوںنے کہاکہ بسنل نے چار ہزار کابل بھیجاہے مگرمہینے میں چار روپے کی بھی کالنگ نہیںہوتی ۔اسی طرح سے ایک اور صارف ظاہر میر نے کہاکہ اسے آٹھ سو روپے کا بل بھیجاگیاہے جبکہ سروس کا حال بہت ہی خراب ہے۔انہوںنے کہاکہ وہ ایسی سروس سے تنگ آچکے ہیں ۔مقامی صارفین نے الزام لگایاکہ خراب سروس جان بوجھ کر فراہم کی جارہی ہے تاکہ نجی مواصلاتی کمپنیوںکوفائدہ پہنچایاجاسکے ۔انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر سروس میں بہتری نہ لائی گئی تو بی ایس این ایل کا استعمال ہی ترک کردیںگے ۔
تلاشی کارروائی بغیر کسی کامیابی کے ختم
جاوید اقبال
مینڈھر //گزشتہ روز سے جاری تلاشی کارروائی بغیر کسی کامیابی کے ختم کردی گئی ۔ واضح رہے کہ قصبہ مینڈھر سے چار کلو میٹر دور بیری رکھ علاقے میں فوج اور ایس او جی مینڈھر کی طرف سے کل تلاشی کارروائی شروع کی گئی تھی جس کو رات ہونے پر ملتوی کردیاگیا اور پھر صبح ہوتے ہی دوبارہ فوج اور ایس او جی کے اہلکار وہاں پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لیکر زبردست تلاشی کی گئی جو بدھ کے روز بغیر کسی کامیابی کے ختم کردی گئی ۔ذرائع کے مطابق یہ تلاشی کارروائی خفیہ اطلاعات کی بناپر شروع کی گئی لیکن اس میں کچھ حاصل نہیںہوا اور اسے اب ختم کردیاگیاہے ۔ اس دوران لوگوں میں خوف پایاگیا اور طرح طرح کی چہ میگوئیاں رہیں تاہم تلاشی کارروائی سے کچھ حاصل نہیںہوا۔
اسلامیہ سکول میں پانی کا کولرنصب
حسین محتشم
پونچھ// اسلامیہ ہائی سکول پونچھ کیلئے اپنے حلقہ اختیاراتی فنڈ میں سے ممبرقانون ساز کونسل ڈاکٹر شہناز گنائی نے پانی کا کولر نصب کروایا۔اس کولر کاافتتاح ایک تقریب کے دوران کیاگیا ۔اس موقعہ پر مقررین نے ڈاکٹر شہناز گنائی کاشکریہ ادا کیا اور کہاکہ ان کا مقصد عوامی فلاح و بہبود ہے، جس کیلئے ایسے ہی وہ مذہبی اداروں کے علاوہ تعلیمی اداروں میں واٹر کولر فراہم کررہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ انہیں امید ہے کہ موصوفہ پونچھ کے دیگر مسائل حل کرنے میں بھی اسی طرح سے دلچسپی لیںگی ۔اس موقعہ پرپرنسپل اور عملہ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات تاج میر، غلام قادر، سرفراز راٹھور، امتیاز حسین، چوہدری بشیر اور نظیر احمد بھی موجو دتھے ۔
حسن گیلانی سے اظہار تعزیت
پونچھ// زمل گام کی معروف شخصیت پیر حسن گیلانی کی اہلیہ کی اچانک وفات پر پونچھ کے کئی لوگوںنے گہرے دکھ کا اظہار کیاہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں او بی سی یونین کے ضلع صدر عبدالرشید شاہ پوری، محمد رشید، جمال الدین، محمد اکبر اور اقبال کھانڈے، باغ حسین راٹھور، حاجی عبدالرشید جامی، فاروق کھٹانہ، نصیر خان، سہیم جعفر حیات پوری ،انصاف مومنٹ کے صدر جاوید ریشی، ضلع صدر فوجی برکت سانگو ،ولی محمد شیخ، یار محمد، بشیر قریشی، حسن دین قریشی، لعل دین قریشی اور فضیلت محمود نے کہا کہ مرحومہ ایک نیک سیرت، خوش طبع اور ہمدرد انسان تھی جنہوں نے اپنے طبقہ کی خاطر ہمیشہ اپنی قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اللہ تعالی سے دعا کی کہ ان کی روح کو تسکین ملے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا ہو۔
ایڈیشنل ڈی سی نے ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیا
حسین محتشم
پونچھ//ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر عبدالحمید شیخ کی قیادت میں ایک ٹیم نے سائیں بابا ننگالی صاحب بلاک پونچھ میں ہورہے ترقیاتی کاموںکا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر عبدالحمید شیخ نے ضلع پنچایت افسر و بلاک ڈیولپمنٹ افسر ننگالی قدیر الرحمن سے مختلف ترقیاتی کاموں کے متعلق جانکاری حاصل کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی جانب سے عوامی بہبود کی سبھی سکیموں کو عوام تک پہنچا یا جائے تاکہ ترقی کے میدان میں آگے بڑھاجا سکے۔ قدیر الرحمن نے انہیں یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں تمام تر کوششوںکو بروئے کار لائیںگے ۔
تھنہ منڈی کا کھاری محلہ
جہاں نہ پینے کیلئے پانی اور نہ روشنی کیلئے بجلی
طارق شال
تھنہ منڈی // سب ڈویژن انتظامیہ اور تحصیل انتظامیہ تھنہ منڈی کے ناک تلے نیچے واقع کھاری محلہ زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جہاںنہ پینے کا صاف پانی دستیاب ہے اور نہ روشنی کیلئے بجلی۔ میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے وارڈ نمبر 13 کے بائیں طرف واقع یہ محلہ جس میں ایک درجن سے زائد کنبے آباد ہیں،عدم توجہی کاشکار بن کر رہ گیاہے۔اس محلہ میں بسنے والے کنبے خط افلاس سے نیچے کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔مقامی لوگوںکے مطابق انہوںنے اپنے حقوق کی خاطر ہر ایک تک آواز پہنچائی لیکن کسی نے بھی کوئی توجہ نہ دی ۔انہوںنے بتایاکہ وارڈ نمبر 13 کے موہڑا کھاری میں ایک قدرتی چشمہ ہے تاہم اس سے پینے کاپانی قطروں کی شکل میں ٹپکتا ہے اورپورے دن میں ایک مٹکا بھی نہیںبھراجاسکتا۔ان کاکہناہے کہ وہ غریب ہیں اس لئے حکام کوئی توجہ نہیں دے رہے ۔دارالعلوم دیو بند سے تعلیم یافتہ محلہ کے منیر حسین نامی معذور شخص نے کہاکہ زمانہ بہت تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہاہے اور لوگ ترقی کی منازل طے کررہے ہیںان کے محلہ کے لوگ قدیم طرز کی زندگی بسر کررہے ہیں جن کا شمار تو شہری آبادی کے ساتھ ہوتاہے لیکن سہولت کوئی بھی نہیں دی گئی ۔ منیر حسین کا کہناہے کہ اگر یہاں کے لئے کوئی پروجیکٹ منظور ہوا تو دوسرے لوگ ان غریبوںتک پہنچنے نہیںدیتے۔انہوںنے کہاکہ محکمہ بجلی کو ٹس سے مس نہیںاور نہ جانے ان کو کس بات کی سزا دی جارہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ سرکار کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ یہاں کے کمزور اور مفلوک الحال کنبوں کو بنیادی سہولت فراہم کرے اور پانی و بجلی کی سپلائی کے ساتھ ساتھ محلہ میں میونسپل کمیٹی کی طرف سے پختہ راستے تعمیر کئے جائیں اور لائٹیں نصب کی جائیں نہیں تو یہ چراغ تلے اندھیرے والی بات ہوگی۔
حادثاتی فائر سے اہلکار زخمی
راجوری //راجوری کے کیری ٹوپا علاقے میں حد متارکہ پر تعینات ایک اہلکار حادثاتی طور پر ہوئے فائرسے زخمی ہوگیا۔ذرائع کے مطابق راشٹریہ رائفل سے وابستہ فوجی اہلکار ٹوپاکیری میں تعینات تھاجہاں وہ گزشتہ شب اس وقت زخمی ہواجب بندوق سے حادثاتی طور پر فائرہوگیا۔اہلکار کو فوری طور پر راجوری کے آرمی ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں وہ زیرعلاج ہے ۔
سڑک حادثے کازخمی دم تو ڑ بیٹھا
راجوری //گزشتہ روز جموںپونچھ شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثے میں زخمی ہونے والا نوجوان دم توڑ گیا ۔ رضا مراد ولد محمد اسحق ساکن ڈنڈیسر گزشتہ روز موٹرسائیکل حادثے میں لمیڑی کے مقام زخمی ہواتھا جبکہ اس کا ساتھی موقعہ پرلقمہ اجل بن گیا۔ اسے نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔ بعد میں اسکی نعش کو واپس لاکر آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے حوالے کیاگیا ۔
زہرخوردنی کے 4مختلف واقعات
17سالہ لڑکی کی موت ، 3دیگر زیر علاج
سمت بھارگو
راجوری //راجوری میں زہر خوردنی کے چار مختلف واقعات میں ایک سترہ سالہ لڑکی موت ہوگئی جبکہ دیگر تین کو زیر علاج رکھاگیاہے ۔سترہ سالہ سزالت اختر دختر محمد عارف ساکن اندرولہ کلر ضلع راجوری کی زہر یلی شے کھانے سے حالت بگڑ گئی جس پر اسے ضلع ہسپتال راجوری لایاگیاجہاں سے ڈاکٹروںنے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کردیا تاہم اس کی راستے میں ہی موت ہوگئی ۔ ایک دوسرے واقعہ میں سریندر سنگھ ولد بلدیو سنگھ ساکن مرچھولہ سندر بنی نے زہریلی شے کھالی جس پر اسے سندر بنی ہسپتال زیر علاج رکھاگیاہے ۔ایک اور واقعہ میں امت کمار ولد بال کرشن ساکن بھوانی نوشہرہ کو زہریلی شے کے بعد سب ضلع ہسپتال نوشہرہ منتقل کیاگیاجہاں سے اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کردیاگیا۔ اسی طرح سے سولہ سالہ نسرین اختر دختر الطاف حسین ساکن موہرہ کنڈی کو بھی خراب حالت میں راجوری ہسپتال لایاگیاجہاں اس کا علاج چل رہاہے ۔