محمد تسکین
بانہال // ضلع رامبن کے بانہال سب ڈویژن کے تحصیل کھڑی کے مہو کے ناون علاقے میں پیر کو ایک 40سالہ خانہ بدوش شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کے بارے میں ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ پہاڑ سے پھسل کر گہری کھائی میں گرنے سے جاں بحق ہوگیا ہے۔ پولیس نے متوفی کی شناخت عبدالعزیز ولد نواب الدین ساکن برنالی، ضلع ریاسی، حال سکونت یاری پورہ، ضلع کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق پولیس پوسٹ کھڑی کو اطلاع موصول ہوئی کہ مہو کے ناون علاقے میں ایک شخص کی لاش پڑی ہوئی ہے اور پولیس کی ٹیم موقع واردات پہنچی۔ پولیس کو ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ متوفی پہاڑی چٹان سے پھسل کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے کیونکہ یہ مشتبہ حالات میں پیش آنے والا انسانی جان کا معاملہ ہے۔ لاش کو قانونی و طبی کارروائی، بشمول پوسٹ مارٹم، کے لیے سپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر رکھی ہے۔دریں اثنا، ایک علیحدہ واقعہ میں رام بن ضلع کے رامسو سب ڈویژن کے ہی وگن، مکرکوٹ علاقے سے ایک نامعلوم نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ رامسو پولیس کے مطابق متوفی کی عمر تقریباً 25سے 30سال کے درمیان، قد تقریباً 5فٹ 5انچ، جسم دبلا، رنگت گندمی جبکہ بال درمیانے سائز کے سیاہ اور داڑھی و مونچھ مختصر سیاہ ہیں۔ اس نے سرمئی، نیلے اور سفید رنگ کی چیک دار آدھی آستین والی قمیض اور سیاہ پتلون پہن رکھی تھی۔پولیس اور ہمالین کیو آر ٹی رامسو کی ٹیم نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیتے ہوئے لاش کو برآمد کر کے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا، جہاں اسے مردہ خانے میں شناخت کے لیے محفوظ رکھا گیا ہے۔پولیس اسٹیشن رامسو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص کو متوفی کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرے تاکہ اس کی شناخت اور اہلخانہ تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔