منڈی//صدر یوتھ نیشنل کانفرنس و سابق ممبر اسمبلی پونچھ اعجاز احمد جان نے تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ جات ساوجیاں، گگڑیاں، کھیت وغیرہ کا دورہ کیا ۔ انہوںنے عوامی مسائل سننے کے بعد یقین دلایاکہ وہ انہیں ڈپٹی کمشنر کے نوٹس میں لاکر حل کروائیںگے ۔اعجاز جان کاکہناہے کہ عوام اس دور میں بنیادی سہولت کیلئے ترس رہے ہیںاور سرحدی علاقہ جات میںپانی، بجلی وراشن جیسی بنیادی سہولیات دستیا ب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکار کے دور میں عوام مصائب میں گرفتار ہے اور وہ وعدے پورے نہیں کئے گئے جو الیکشن کے وقت کئے گئے تھے ۔ان کے مطابق اگر زمینی سطح پر دیکھا جائے تو یہ سرکار عوام کی امیدوں پر کھرا اترنے میں ناکام ہو چکی ہے۔جان نے کہا کہ پی ڈی پی نے لوگوں میں راشن تقسیم کرنے کے جو وعدے کئے تھے، وہ پورے نہیں کر پائی اور کئی علاقوں کو تین ماہ سے راشن نہیں مل رہا۔ انہوں نے کشمیر مسئلہ پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئے روز کشمیر میں قتل و غارت بڑھ رہی ہے اور حکومت اس کا حل نکالنے میں دلچسپی نہیں لے رہی۔ ان کے مطابق موجودہ سرکار کو عوام کی کوئی فکر نہیں اور ان کے لئے ان کی کرسیاں ہی معنی رکھتی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ملازمین کو وقت پر تنخواہیں نہیں ملتی اور محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازم تنخواہوں کے بغیر پریشان حال ہیںجس کے نتیجہ میں پانی کی لائنوں کی مرمت نہیں ہورہی ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام پوری ریاست میں بدتر ہے جس کی وجہ سے نئی نسلیں دربدر ہو گئی ہیں۔