راجوری//وزیر برائے پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری عبدالغنی کوہلی نے کہا ہے کہ حکومت ریاست بھر میں بہتر سڑک رابطہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے جس کے لئے ایک منظم لائحہ عمل کے تحت ریاست کے دُور دراز اور دشوار گذار علاقوں میں سڑک رابطہ نظام کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار کالا کوٹ حلقہ انتخاب میں اندرولہ دیہات میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے چند اہم سڑک پروجیکٹوں کے مفصل پروجیکٹ رپورٹ حکومت ہند کو منظوری کے لئے بھیجے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت مختلف سڑک پروجیکٹوں کے لئے کروڑوں روپے منظور کئے گئے ہیں اور ان پروجیکٹوں کی تکمیل سے ریاستی عوام کے سماجی و معاشی حالات زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔اس سے قبل وزیر نے جامع مسجد دلہوری میں عید میلاد النبی ؐ کے سلسلے میں منعقدہ مجلس میں بھی شرکت کی جس میں بھاری تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔دوران مجلس مذہبی عالموں نے حضرت محمدؐ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔