حمایت کی طلب

 سرینگر//مرکز میں حکمران اتحاد قومی جمہوری اتحاد کی طرف سے صدارتی عہدے کیلئے نامزد امیدوار رام ناتھ کوند وارد کشمیر ہوئے اور ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی۔ بھارت میں آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات کیلئے بھاجپا کے سربراہی والے قومی جمہوری اتحاد کے نامزد امیدوار اور بہار کے گورنر رام ناتھ کوند بدھ کو کشمیر پہنچے،انکے ہمراہ دیہی ترقی کے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو،وزیر اعظم دفتر کے انچارج وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ،بی جے پی کے جنرل سیکریٹری رام مادھو اور دیگر اعلیٰ سیاست دان بھی تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران رام ناتھ کوند بھاجپا کے دیگر لیڈروں کے ہمراہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقی ہوئیں اور انہیں آئندہ صدارتی انتخابات میں حمایت کرنے کی درخواست کی۔اس موقعہ پر میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ،اسمبلی کے اسپیکر کویندر گپتا اور پارلیمنٹ ممبر و پی ڈی پی کے سنیئر لیڈر مظفر حسین بیگ کے علاوہ مخلوط سرکار کے وزراء اور دونوں جماعتوں کے ممبران قانون سازیہ سمیت سنیئر لیڈران بھی موجود تھے۔