پونچھ//ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست جموں و کشمیر کی ہمہ گیر ترقی کے لئے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کو تعاون دیں۔ تانترے تحصیل منڈی کے موضع لوہل بیلہ میںایک عوامی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جس میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت والی مخلوط حکومت کے ڈھائی سالہ دئور میں ہوئے عوامی ترقیاتی امور کو دیکھ کر عوام جوق در جوق پی۔ڈی۔پی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ تانترے نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ پی۔ڈی۔پی کی عوام دوست پالیسی کے مدِ نظر شب و روز محنت کر کے عوام تک بُنیادی سہولتیں بہم پہنچانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ غریبوں کی خدمت اُن کا نصب العین ہے۔ اس موقع پر گائوں مہاڑ کوٹ کے سبھی افراد نے با اتفاق رائے پی۔ ڈی۔ پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس اجلاس میں پارٹی کے ضلع صدر شمیم احمد ڈار، پارٹی کے ضلع جنرل سیکریٹری تنویر احمد ڈار، سینئر لیڈر شہزاد خان، چوہدری محمد شفیع میلو، چوہدری غُلام دین، چوہدری محمد سفیر، چوہدری محمد اکبر، ڈاکٹر بشیر حُسین ملک، محمد یوسف شیخ ریٹائرڈ پرنسپل، شکیل احمد پرے، اختر خواجہ، اعجاز احمد تانترے، محمد اکرم اور حافظ عبد الحمید بھی موجود تھے۔