جموں// بر سر اقتدار جماعت پی ڈی پی کے ممبر اسمبلی اعجاز احمد میر نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کر نے کیلئے حریت اورعسکریت پسندوں کے ساتھ ساتھ دیگر فریقین کے ساتھ بات چیت کا عمل شروع کیا جائے ۔ جموں میں جاری بجٹ اجلاس کے دوران ایوان اسمبلی میںپی ڈی پی کے رہنماء اور ممبر اسمبلی وچی اعجاز احمد میر نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کر نے کے لئے حریت اور عسکریت پسندوں کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے دیگر فریقین کے ساتھ بات چیت کا عمل شروع کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بات چیت سے ہی مسئلہ کا حل نکالا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت خون بہتے ہو ئے دیکھا ہے اب مزید خون خرابہ نہیں دیکھنا چاہتے۔اعجاز احمد میر نے کہا کہ مزاکرات کے زریعے سے ہی خون خرابہ بند ہوگا ۔اعجاز احمد میر شوپیاں کے حلقہ انتخاب وچی سے منتخب ممبر اسمبلی ہے اور مذکورہ ضلع میں عسکریت پسندی کا رجحان اپنے عروج پر ہے۔