منڈی//سرحدی ضلع پونچھ میں ہندو پاک سرحد پر دونوں ملکوں کے درمیان آئے روز گولہ باری کا تبادلہ رہتا ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں مقیم لوگوں کو ہمیشہ جان کا خطرہ لاحق رہتا ہے مگر ریاستی حکومت کی طرف سے ان لوگوں کی جان مال کو تحفظ دینے کیلئے ابھی تک کوئی ٹھوس لائحہ عمل اختیار نہیں کیاگیا۔اگر چہ سرکار نے پونچھ ضلع کے کچھ سرحدی علاقوں میں انسانی جانوں کو تحفظ دینے کے لئے زمین دوز بینکروں کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لیا ہے مگر کچھ سرحدی علاقہ جات ابھی بھی ایسے ہیں جہاں پر ان لوگوں کی جان و مال کے لئے تحفظ کا سامان سرکار یا ضلع انتظامیہ کی طرف سے ابھی بھی مہیا نہیں کیا گیا ۔واضح رہے کہ ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ جات بالاکوٹ،کرشنا گھاٹی، شاہ پور،دیگوار،کھڑی، کرماڑا،مندھار،کیرنی، ساوجیاں،گگڑیاں، گلی میدان میں آئے روز ہند وپاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوتا رہتاہے جس کی وجہ سے ماضی قریب میں بھی انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشوں کا نقصان ہوا ہے لیکن سرکار کی طرف سے ان لوگوں کے رہنے کے لئے اور گولہ باری سے بچنے کیلئے کوئی بھی موثر انتظام تاحال نہیں کیا گیا ۔اگر چہ تحصیل مینڈھر کے بالاکوٹ کوٹ ،تحصیل پونچھ کے کھڑی کرماڑا میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے کچھ زمین دوز بینکروں کی تعمیر شروع کی گئی ہے مگر ان کی تعمیر ابھی تک مکمل نہیں ہوئی جبکہ منڈی تحصیل کے گلی گگڑیاں اور ساوجیاں اور شاہ پور کیرنی مندھار علاقوں میں ابھی تک بنکروں کی تعمیر شروع ہی نہیں ہوئی ۔ سرحدی علاقہ جات کے لوگوں نے بتایا کہ وہ ہندو پاک گولہ باری کی وجہ سے کافی پریشان ہیں اور ان کیلئے گولہ باری کے دوران اپنی اور اپنے مال مویشیوں کی جان بچانا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے سرکار سے اپیل کی کہ ان علاقوں میں بینکروں کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ وہ اپنی جان اور مال کا تحفظ یقینی بنا سکیں ۔ساوجیاں گگڑیاں میں دس کمیونٹی بنکروں کی تعمیر ہونا ہے جن میں سے ابھی تک دو بنکروں کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لیا گیا ہے جبکہ آٹھ زمین دوز بنکروں پر ابھی کوئی کام نہیں کیا گیا۔ وہیں شاہ پور کیرنی ومندھا میں بھی دو کمیونٹی بنکروں کی تعمیر کا کام چل رہا ہے جبکہ یہاں دس کمیونٹی بنکر اور پچاس نجی بنکروں کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔بنکروں کی تعمیر کے حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کھڑی کرماڑا سرحدی علاقہ اور سرحدی علاقہ بالاکوٹ میں چالیس کے قریب کمیونٹی بنکروں کی تعمیر کو مکمل کیا گیا ہے جبکہ باقی ضلع کے باقی سرحدی علاقوں میں بھی زمینی بنکروں اور کمیونٹی بنکروں کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے گا جس سے سرحد پر رہنے والے لوگوں کو ہند پاک گولہ باری سے بچایا جا ئے گا۔