جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے جموںوکشمیر پروجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن ( جے کے پی سی سی ) کی کی جانب سے عملائے جارہے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی ہے۔ جے کے پی سی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 96ویں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کارپوریشن کی مالی حالت کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی تاکہ اس کو جموںوکشمیر کا ایک منافع بخش یونٹ بنایا جاسکے۔میٹنگ میں فائنانشل کمشنر خزانہ ارون کمار مہتا ، کمشنر سیکرٹری تعمیراتِ عامہ خورشید احمد شاہ ، ڈائریکٹر جنرل منصوبہ بندی صاحبزادہ بلال اور دیگر انجینئر و افسران موجو دتھے۔مشیر نے جے کے پی سی سی کے حکام کو آمدن اور اخراجات میں توازن پیدا کرنے کی ہدایت دی ۔اُنہوںنے کہا کہ فقط حکومت سے ٹھیکے حاصل کرنے کے بجائے کارپوریشن کو دیگر مقابلہ جاتی بولی کے عمل میں حصہ لینا چاہئے تاکہ جے کے پی سی سی کوجموں وکشمیر کامنفرد تعمیراتِ ادارہ بنایا جاسکے۔مختلف تعمیراتی کاموں میں معیاری مواد کے استعمال پر زو ردیتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ کارپوریشن کو چاہیئے کہ وہ پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو اپنا معمول بنائے۔اُنہوں نے کہا کہ پروجیکٹوں کی تکمیل میں تاخیر سے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے اور اس طرح کارپوریشن کے خزانے پر بوجھ پڑتا ہے۔بعد میں کے کے شرما نے جمو ںوکشمیر منرلز لمٹیڈ ( جے کے ایم ایل ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 173 میٹنگ کی صدارت کی جس میں فائنانشل کمشنر خزانہ اے کے مہتا ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت ایم کے دِویدی ، ڈائریکٹر جنرل منصوبہ بندی صاحبزادہ بلال ، ڈائریکٹر جیالوجی اینڈ مائیننگ وکاس شرما اور جے کے منرلز کے منیجنگ ڈائریکٹر وِکرم گپتا نے شرکت کی۔مشیر موصوف نے جے کے منرلز کی سرگرمیوں کو توسیع دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کی سرگرمیوں میں مزید استحکام لانے سے اِس کو منافع بخش کارپوریشن بنایا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر میں معدنیات کی بڑی دولت موجو دہے اور جے کے منرلز کی ذمہ بنتی ہے کہ وہ اِن معدنیات کی کان کنی کے لئے مناسب کام کریں ۔مشیر موصوف کو جے کے منرلز کی مجموعی کارکردگی اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات دی گئیں۔