راجوری// عالمی بینک کے مالی تعاون سے چلنے والے منصوبے کے تحت گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ایسوسی ایٹڈ ہسپتال (جی ایم سی ۔اے ایچ) راجوری میں طبی سازوسامان فراہم کیا گیا ہے ۔ورلڈ بینک پروجیکٹ کے تحت یہ سازوسامان جموں وکشمیر میڈیکل سپلائی کارپوریشن لمیٹڈ کے ذریع گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ایسوسی ایٹڈ ہسپتال کو فراہم کیے گئے ہیں۔میڈیکل کالج کو راجوری کیلئے 2016 میں منظور کیا گیا تھا اور کالج نے 2019میں کام کرنا شروع کیا جس کے بعد بہت سے نئے شعبے قائم ہوئے جبکہ موجودہ ضلعی اسپتال راجوری کو گورنمنٹ میڈیکل کالج کے تحت لایا گیا تھا اور اس کا نام جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال رکھ دیا گیا ،تاہم کچھ مخصوص سازوسامان کی کمی ہسپتال میں صحت کی جدید خدمات کو متاثر کر رہی تھی۔دریں اثنا ، گزشتہ دنوں میڈیکل کالج اور اس سے وابستہ اسپتال میں خصوصی مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے تحت اہم سازوسامان فراہم کئے گے ہیں ۔عہدیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ عالمی بینک فنڈ سے خریدا گیا سازوسامان تھا جو کالج کو مل چکا ہے اور ان کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ڈاکٹر کلدیپ سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ عالمی بینک فنڈ سے چلنے والے منصوبے کے تحت طبی سازوسامان موصول ہوچکے ہیں اور بہت سے سامان کو نصب کیا گیا ہے اور کچھ کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔