جموں//وزیر برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ، امداد ، باز آباد کاری اور تعمیر نو جاوید مصطفی میر نے عالمی بنک امداد کے تحت جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ پر جاری کام کا مفصل جائیزہ لیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت، کمشنر سیکرٹری ڈی ایم آر آر آر، کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ، سی ای او جے ٹی ایف آر پی، ڈیولپمنٹ کمشنر (ورکس)، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی، ڈائریکٹر (خزانہ) جے ٹی ایف آر پی، ناظم ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ناظم پی این سی، ناظم ٹیکنیکل پی ایم یو، ٹیکنکل افسر اور تعمیرات عامہ، جے کے پی سی سی، ایس ڈی آر ایف اور مکانات کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ وزیر نے جے ٹی ایف آر پی کی کارکردگی کا مفصل جائیزہ لیتے ہوئے کہا کہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اُن کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ اور پروجیکٹ امپلیمنٹیشن یونٹوں کو درپیش رکاوٹوں کا بھی جائیزہ لیا۔وزیر نے عمل آوری ایجنسی کو کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی تا کہ زمینی سطح پر عمل آوری کا عمل شروع ہوسکے۔ انہوں نے پی ایم یو اور پیآئی یو افسران کو آپسی میں قریبی تال میل قائم کرنے اور بروقت فیصلے لینے کے لئے کہا تا کہ پروجیکٹ کے فوائد مستحقین تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کے بارے میں انہیں جانکاری دی جانی چاہئے تا کہ ان کا حل یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے سلک فیکٹری اور وولن ملز کی بحالی کے لئے محکمہ صنعت وحرفت کی جانب سے مفصل پروجیکٹ رپورٹوں کو حتمی شکل دینے پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ محکمہ نے ای۔ کامرس پورٹل کے قیام کا عمل شروع کیا ہے جو دستکاری اور ہینڈ لوم شعبوں سے وابستہ دیہی دستکاروں کے لئے منافع بخش ثابت ہوگا۔تعمیرات عامہ محکمہ کے کام کاج کا جائیزہ لیتے ہوئے انہوں نے مفصل پروجیکٹ رپورٹ مرتب کرنے میں سرعت لانے پر زور دیا تا کہ کاموں کے لئے ٹینڈر طلب کرنے کا عمل شروع کیا جاسکے۔ انہوں نے جے کے پی سی سی اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے زیر تعمیر کاموں کا بھی جائزہ لیا۔وزیر نے ایس ڈی آر ایف اور فائیر اینڈ ایمرجنسی سروسز میں افرادی قوت اور سازو سامان کو مزید مستحکم بنانے کے لئے جاری اقدامات کا بھی جائیزہ لیا۔وزیر نے ریاست کے ڈپٹی کمشنروں اور تحصیلداروں کو ڈیزاسٹر منیجمنٹ سے متعلق تمام معاملات کا ازخود جائیزہ لینے کی ہدایت دی۔