جموں //نیشنل کا نفرنس سنیئر لیڈر اور سابقہ ایم ایل سی ڈاکٹر بشیر احمد ویری نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں صرف جمہوری حکومت ہی تعمیر وترقی اور امن وخوشحالی لا سکتی ہے ۔پارٹی کے اقلیتی سیل کی جانب سے شیر کشمیر بھون جموں میںکشمیر ی مہاجرین پنڈتوںکیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں جلداز جلد اسمبلی انتخابات منعقد کئے جانے چاہیے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیساتھ ساتھ جمہوری طرز حکومت بھی فراہم کی جاسکے ۔موصوف نے کہاکہ ریاست کے سیاسی پس منظر کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ صرف جمہور ی اور مستحکم حکومت ہی عوام کو سہولیات فراہم کر سکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی کے تینوں خطوں میں نیشنل کانفرنس آئندہ اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات میں نمایا کامیابی حاصل کر ئے گی ۔سابقہ ایم ایل سی نے کہاکہ ریاست میں کسی بھی سیاسی پارٹی کی کولیشن حکومت عوام کی فلاح و بہبود و تعمیر وترقی ممکن نہیں بنا سکتی ۔پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی مخلوط حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سابقہ مخلوط حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہی جس کی وجہ سے اس وقت ریاستی عوام پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔ڈاکٹر ویری نے کہاکہ کچھ سیاسی جماعتیں عوام کو خطوں ،فرقوں اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرکے اپنا سیاسی مفاد حاصل کر نا چاہتی ہیں لیکن نیشنل کا نفرنس عوام مخالف کسی بھی پالیسی کا کامیاب نہیں ہو نے دے گی ۔اس موقعہ پر این سی اقلیتی سیل کے ریاستی صدر ایم کے یوگی نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی مخلوط حکومت کے دور میں کشمیر مہاجرین پنڈتوں کو درپیش مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔اس پروگرام میں ایم ایل رینہ ،اشوک کمار دھر ،ماسٹر چمن لعل ،بال کرشن بٹ ودیگران بھی موجود تھے ۔