پونچھ //حق انصاف کونسل نے جموں یونیورسٹی کے پونچھ کیمپس کیلئے 1.37کروڑ روپے کو منظوری دینے کے فیصلے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے ریلی نکالی ۔یہاں جاری بیان کے مطابق کیمپس کی تکمیل کیلئے یہ رقم جاری کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز ریاستی گورنر این این ووہرا نے اپنے دورہ ٔ پونچھ کے دوران کیا ۔پونچھ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے تنظیم کے صدر ذیشان نے گورنر ااور سابق ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کا شکریہ اد اکیا ۔انہوں نے کہاکہ پونچھ کی مقامی تنظیموں کی مشترکہ جدوجہد کے نتیجہ میں یہ دیرینہ مانگ پوری ہوئی ہے جس سے طلباء کو مقامی سطح پر ہی تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ مل سکے گا۔انہوں نے کہاکہ سابق حکومتیں اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہیں اور انہوں نے اس وقاری پروجیکٹ کو تعطل کاشکار بنادیاتاہم گورنر نے بغیر کسی تاخیر کے رقومات کو منظوری دی ہے جس کیلئے وہ ان کے شکر گزار ہیں ۔سینئر چیئر پرسن محمد معشوق نے کہاکہ تنظیم کی طرف سے وقت بروقت یہ معاملہ حکام کے ساتھ اٹھایاگیا اور بالآخر کامیابی نصیب ہوئی ہے ۔اس موقعہ پر اخلاق محمود ، ساہل قریشی ، شیخ ضمیر ، راجہ رمیز ، شکیل چوہدری ، انتخاب احمد، سمت کمار، انضمام ، ہمانشو ، صداقت ، مشتاق و دیگران بھی موجو دتھے۔