سرینگر// حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے معرکہ پلوامہ میں جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال ایک خونین جنگ کا منظر پیش کررہی ہے، جس میں سب سے زیادہ مصائب ومشکلات کا سامنا جموں کشمیر کے عوام کو کرنا پڑ رہا ہے اور انسانی جانوں کے اس زیاں کے لیے بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی ذمہ دار ہے۔اپنے ایک بیان میںگیلانی نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کا فوجی حل نافذ کرنا چاہتا ہے اسی لیے یہاں ہر چھوٹی بڑی فوجی معرکہ آرائی میں بھارت کی افواج نزلہ شہری آبادی پر گرارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رہائشی مکانات کو تباہ وبرباد کیا جارہا ہے اور مکینوں کو زدوکوب کرکے مظالم کا شکار بنایا جارہا ہے۔ حریت چیرمین نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حریت موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کے پُرامن تصفیے کے لیے استصواب رائے ایک تسلیم شدہ جمہوری فارمولہ ہے۔