عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں کشمیر میں امن کی فضا اور ترقی کا ماحول ملی ٹنٹوں کو ہضم نہیں ہوتا ،کا دعویٰ کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری اور جموں کشمیر انچارج ترون چگ نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں نے سمجھ لیا ہے کہ امن ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے اور اس لیے انہوں نے ملی ٹنٹ کے ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری اور جموں و کشمیر کے انچارج ترون چگ نے جموں میں بی جے پی کے اہم عہدیداروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی اور کئی مسائل پر میراتھن بحث کی۔ میٹنگ کے دوران، بی جے پی کے سینئر لیڈروں اور پارٹی کے عہدیداروں نے بہت سے مسائل، خاص طور پر جموں کشمیر میں تنظیمی امور اور بوتھ لیول تک پارٹی کی تیاریوں پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ترون چگ نے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ پارٹی کو مزید مضبوط کرنے اور مودی حکومت کی گزشتہ نو برسوںمیں حاصل کردہ کامیابیوں کو مؤثر طریقے سے اجاگر کرنے کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑیں۔چُگ نے کہا کہ جموں کشمیر میں امن کی فضا اور ترقی کا ماحول ملی ٹنٹ کو ہضم نہیں ہوتا۔ ترون چگ نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں نے سمجھ لیا ہے کہ امن ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے اور اس لئے انہوں نے ملی ٹنٹ کے ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر میں ترقی کا دور جاری ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں نمایاں تبدیلی آ رہی ہے جس سے نہ صرف لوگ خوش ہے بلکہ وہ مودی کے ان کاموں کی سراہنا کرتے ہیں ۔ میٹنگ میں پارٹی کے معزز لیڈران کو اکٹھا کیا گیا، جن میں پربھاری جموں و کشمیر آشیش سود، نیشنل سکریٹری نریندر سنگھ، پارٹی صدر رویندر رینا، ممبر پارلیمنٹ جوگل کشور اور ممبر پارلیمنٹ غلام علی کھٹانہ شامل تھے۔ اس اجتماع نے سمپرک سے سمرتھن اور میرا بوتھ سب سے مضبوط جیسے اقدامات کے کامیاب نفاذ کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی جبکہ اجلاس میں آئندہ انتخابات کیلئے غیر معمولی حکمت عملی مرتب کی گئی۔
جموں و کشمیر کی زمین مقامی بے زمین لوگوں کیلئے، باہر والوں کیلئے نہیں
محبوبہ مفتی، عمر عبداللہ سستی سیاست کیلئے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں: چُگ
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چْگ نے اتوار کو این سی اور پی ڈی پی پر جموں و کشمیر کے لوگوں کو بے زمینوں کو اراضی دینے کے معاملے پر اکسانے پر تنقید کی، جس کا اعلان حال ہی میں PMAY اسکیم کے تحت لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کیا تھا۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جیسا کہ لیفٹیننٹ گورنر پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ PMAY اسکیم کے بہانے کسی بھی بیرونی شخص کو آباد نہیں کیا جائے گا جو کہ صرف جموں و کشمیر کے ڈومیسائل ہولڈروں کے لیے ہے جن کے پاس اپنی پناہ گاہیں بنانے کے لیے زمین نہیں ہے۔انکا کہناتھا”این سی اور پی ڈی پی جیسی پارٹیاں خاص طور پر آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد اپنا میدان کھو چکی ہیں۔ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ پچھلے برسوں میں اپنی دوغلی باتوں اور ناانصافیوں کی وجہ سے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ اب ایل جی انتظامیہ کی طرف سے جو بھی اچھا کام کیا جا رہا ہے وہ مفتیوں اور عبداللہوں کے لیے پریشان کن ہے جو کسی نہ کسی طریقے سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو بے بنیاد بنیادوں پر اکسانے کی کوشش کرتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ جب سے این سی، پی ڈی پی اور دیگر پارٹیوں نے یوٹی پر حکومت کی ہے، جموں و کشمیر کے سماج کے غریب اور پسماندہ طبقات کو بے حد نقصان اٹھانا پڑا ہے کیونکہ ان کی درخواستیں ان سیاسی جماعتوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ہیں۔انہوںنے کہا’’این سی اور پی ڈی پی نے سرکاری اثاثوں کو اپنا خیال کیا ہے اور وہ اپنے دور حکومت میں اس کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم وزیر اعظم نریندر مودی کی بدعنوانی سے پاک حکومت نے متعدد عوام نواز اور غریب نواز اقدامات اٹھائے اور جموں و کشمیر کے ان بے زمین لوگوں کو 5 مرلہ زمین الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا، جن کے پاس رہنے کے لیے پناہ گاہ تک نہیں ہے‘‘۔