عظمیٰ نیوزسروس
ممبئی//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے 15 ؍جنوری کو ممبئی میں نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈِی سی) کے تحت قائم اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف کرییٹو ٹیکنالوجیز (آئی آئی سی ٹی) کے کیمپس کا دورہ کیا۔ اِس دورے کا مقصدآئی آئی سی ٹی اور حکومتِ جموں و کشمیر کے درمیان اِدارہ جاتی اِشتراک اورطلبأکے تبادلے کے اِمکانات کا جائزہ لینا تھا۔یہ دورہ آئی آئی سی ٹی ۔ این ایف ڈِی سی کیمپس میں منعقد ہوا جس کی میزبانی چیف ایگزیکٹیو آفیسر آئی آئی سی ٹی ڈاکٹر وشواس دیوسکراورممبر گورننگ کونسل آئی آئی سی ٹی منجل شروف نے کی۔دورے کے دوران وزیر اعلیٰ کوآئی آئی سی ٹی کے مرکزی کیمپس کا باقاعدہ معائینہ کروایا گیا جس میں اِدارے کے تعلیمی ماحولیاتی نظام اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی بنیادی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ پروگرام کے تحت وزیر اعلیٰ نے رنگایاں پریویو تھیٹر میں ایک منتخب آڈیو ویژول پرزنٹیشن بھی دیکھی جس میںآئی آئی سی ٹی کے ویژن، تعلیمی فریم ورک اور تخلیقی و شمولیتی ٹیکنالوجیوں میں اس کی صلاحیتوں کو اُجاگر کیا گیا۔اس کے بعد انوبھوتی درشیا امیسرِو سٹوڈیو لیب میں لائیو مظاہرہ کیا گیا جہاں آگمن ٹیڈ رئیلٹی (اے آر)، ورچیول ر ئیلٹی (وِی آر) اور مِکسڈ رئیلٹی (ایم آر) کی اپیلی کیشنزکو عملی تجرباتی تعاملات کے ذریعے دِکھایا گیا۔دورے کے دوران فوٹوگرامٹری سٹوڈیو میں ڈیجیٹل ٹوئن کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا جہاں لائیو تھری ڈِی فوٹوگرامٹری سکین کے ذریعے ایک ڈیجیٹل اوتار تیار کیا گیاجس سے اُبھرتی ہوئی متعامل ٹیکنالوجیوں کے عملی اِستعمالات کو اُجاگر کیا گیا۔اِس موقعہ پرایک سٹریٹجک مشاورتی میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس میںآئی آئی سی ٹی اور حکومت جموں و کشمیر کے درمیان ممکنہ اِشتراک کے شعبوں پر غوروخوض کیا گیا۔ بات چیت میں بالخصوص طلبأ کے تبادلے اور اِدارہ جاتی اِشتراک، اے وِی جی سی اور اُبھرتی ہوئی تخلیقی ٹیکنالوجیوں میں مہارت سازی اور صلاحیت میں اِضافہ، امیسرِو ٹولز کے ذریعے ڈیجیٹل ورثے اور ثقافتی تحفظ نیز جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کے لئے باہمی سٹارٹ اَپ انکیوبیشن اور اِختراعی ماحولیاتی نظام کی ترقی جیسے امور شامل تھے۔بات چیت کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا،’’اگر ہم چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر فلم سازی کے لئے ایک پُرکشش مقام بنے، تو انسانی ہُنر اور پوسٹ پروڈکشن کی صلاحیت کو مقامی طور پر پیدا کرنا ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ آئی آئی سی ٹی جیسے اِدارے کے ساتھ تعلق ہمارے لئے اہم ہو جاتا ہے۔‘‘اِس موقعہ پر سی اِی او آئی آئی سی ٹی ڈاکٹر وشواس دیوسکرنے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے طلبأ اور نوجوان صلاحیتوں کے لئے بامعنی تعاون کے اِمکانات تلاش کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ ہنر کی ترقی، اِختراع کے فروغ اور دیرپا روزگار و کاروباری مواقع پیدا کئے جا سکیں۔مذاکرات کے بعد وزیر اعلیٰ کو این ایف ڈی سی بھارت پویلین اور میوزیم لے جایا گیا جہاں بھارت کی فلمی اور تخلیقی ورثے کی تاریخ کو محفوظ کیا گیا ہے۔ اِس دورے کے دوران این ایف ڈِی سی میوزیم کے کردار کو اُجاگر کیا گیا جو ایک قومی ثقافتی ذخیرے کے طور پر بھارت کی فلمی اور تخلیقی وراثت کو محفوظ رکھنے، پیش کرنے اور منانے کے لئے وقف ہے۔ اِس کے بعد وزیرِ اعلیٰ این ایف ڈی سی کیمپس میں اپنی آئندہ مصروفیات کے لئے روانہ ہوئے
سیاحت کو بڑھاوا دینے کیلئے ٹریول ایجنسیوں کا اہم کردار :وزیر اعلیٰ
عظمیٰ نیوزسروس
ممبئی//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ممبئی میں ٹریول اور ٹریڈ سیکٹر کے معروف اسٹیک ہولڈرز سے خطاب کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت کے ساتھ شراکت داری مضبوط کریں تا کہ جموں و کشمیر کو ایک محفوظ ، زندہ دل اور ہر موسم میں سیاحت کی منزل کے طور پر پیش کیا جا سکے ۔ مہاراشٹر اور گجرات کے ٹریول ایجنٹس ، ٹور آپریٹرز اور ٹریول ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ یہ آؤٹ ریچ منزل کو فروغ دینے کے بارے میں نہیں بلکہ اعتماد اور شراکت داری کو مضبوط کرنے کے بارے میں ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ آج میں جموں و کشمیر کی سیاحت کو فروغ دینے نہیں آیا ہوں ، میں جموں و کشمیر کو آپ کے سامنے ایک سیاحتی منزل کے طور پر نہیں بیچنے آیا ہوں ، آج میں جموں و کشمیر کی خوبصورتی کے بارے میں بات کرنے نہیں آیا ہوں ، جتنا مجھے کشمیر کی خوبصورتی کا علم ہے ، اتنا ہی آپ کو بھی ہے ۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ جموں و کشمیر اور مہاراشٹر و گجرات کے ٹریول فریٹرنٹی کے درمیان طویل عرصے سے چلی آ رہی مضبوط وابستگی ہے ۔ مہاراشٹر اور گجرات کے ٹریول ایجنٹس ، ٹور آپریٹرز اور ٹریول ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مہاراشٹر کے کردار کو سراہا جو برسوں سے جموں و کشمیر کی سیاحت کو سپورٹ اور مضبوط کرنے میں اہم رہا ہے ۔ انہوں نے خاص طور پر گذشتہ سال پہلگام حملے کے بعد مہاراشٹر کی بنیاد پر چلنے والے ٹریول ایجنسیوں کی یکجہتی اور مسلسل تعاون کو سراہا جس کی بدولت سیاحوں کی آمد بحال ہوئی اور منزل پر اعتماد بحال ہوا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ مہاراشٹر ہمیشہ سے جموں و کشمیر کی سیاحت کیلئے سب سے مضبوط ذریعہ مارکیٹوں میں سے ایک رہا ہے ۔ ٹریول برادری کی جانب سے دکھائی گئی حمایت ، خاص طور پر مشکل اوقات میں ایک گہرے اور دیرپا تعلق کی عکاسی کرتی ہے ۔ ‘‘ یہ پروگرام ممبئی میں مہاراشٹر اور گجرات ٹریول برادری آؤٹ ریچ کے حصے کے طور پر منعقد کیا گیا تھا ، جس میں جموں و کشمیر سیاحت کو فروغ دینے میں ان کے تعاون کیلئے نمایاں ٹریول ایجنٹس اور ایسوسی ایشنز کو بھی اعزاز دیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ نے علاقے کی متنوع سیاحتی پیشکشوں پر روشنی ڈالی ، جن میں تفریحی ، ایڈونچر ، زیارت اور ویلنس سیاحت شامل ہیں اور حکومت کی جانب سے حفاظت ، انفراسٹرکچر کی ترقی اور سیاح دوست ماحول کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ اس آؤٹ ریچ پروگرام میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، رُکن پارلیمنٹ گروندر سنگھ شمی ، ایم ایل اے گلمرگ پیر زادہ فاروق احمد شاہ ، ڈائریکٹر ٹورازم جموں اور مہاراشٹر اور گجرات کے بڑے ٹریول اداروں کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوئے ۔