یو این ایس
سرینگر//رشوت ستانی ،آمدنی سے زائد اثاثوں اور بدعنوانی کے خلاف سرکار کی طرف سے جاری کاروائیوں کے بیچ انسداد رشوت ستانی ایجنسیوں نے جموں و کشمیر میں گذشتہ2ماہ کے دوران محکمہ مال کے 7 پٹواریوں سمیت18 رشوت خور ملازمین رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ان کے خلاف کیس درج کئے ۔ 20دسمبر2025 کو اینٹی کورپشن بیورو نے پنجورہ شوپیان میں پٹواری عاشق حسین شاہ ساکن ترکہ وانگام شوپیان کو 25000 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور اس کے خلافP C ایکٹ 1988 کے تحت مقدمہ FIR نمبر 05/2025 کے تحت کیس درج کیا گیا۔بعد ازاں ایگزیکٹو مجسٹریٹ اور آزاد گواہوں کی موجودگی میںترکہ وانگام میں ملزم پٹواری کے رہائشی مکان کی تلاشی لی گئی۔
اے سی بی نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے تاکہ مذکورہ پٹواری کی آمدنی سے زائد اثاثوں اور اس کے قریبی رشتہ داروں کی جائیداد کا پتہ لگایا جائے۔اسی دوران اینٹی کرپشن بیورونے 26دسمبر کو اننت ناگ میںمحکمہ دیہی ترقی رورل انجینئرنگ ونگ کے کلرک منظور احمدآہنگر کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا اور کیس ایف آئی آر نمبر 06/2025 P/C ایکٹ 1988 کے تحت 7 پی ایس اے درج کیا گیا۔3جنوری کواے سی بی ٹیم نے تحصیل آفس شالہ ٹینگ سرینگر کے کلرک لائق احمد ناتھ کو غیر قانونی طور پر2ہزار روپے کی رقم رشوت لیتے ہوئے پکڑ لیا اور ایف آئی آر نمبر 01/2026 U/S 7 PC ایکٹ 1988 درج کیا۔6جنوری کو اے سی بی نے لدھا تحصیل مونگری، ضلع ادھم پورمیںپٹواری پردھان سنگھ کو 5ہزار روپے کی رشوت مانگنے اور قبول کرنے کی پاداش میں گرفتار کرکے FIR نمبر 01/2026 U/S 07 برائے انسداد بدعنوانی، ایکٹ، 1988 اور سیکشن 61(2) BNS، 2023 UPS-updham پر درج کیا گیا۔ 10جنوری کو حلقہ رکھ سوتھو بڈگام کے پٹواری ریاض احمد خان کو 10ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیااور اس کے خلاف ایف آئی آر نمبر 02/2026 U/S 7 PC ایکٹ 1988درج کی گئی۔اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن حلقہ صوف شالی، کوکرناگ اننت ناگ میں تعینات پٹواری اور چوکیدار کو 15000 روپے رشوت کے معاملے میں گرفتار کیا۔20جنوری کو اے سی بی نے تین الگ الگ مقدمات میں پی ڈبلیو ڈی ملازمین، پٹواری اور اے ایس آئی سمیت چار اہلکاروں کو گرفتار کیا۔اے سی بی کو شکایت ملی کہ سپرنٹنڈنگ انجینئر PWD R&B اودھم پور کے دفتر میں تعینات انل جموال، جونیئر اسسٹنٹ اور ایگزیکٹو انجینئراودھم پور کے دفتر میں تعینات جیت کمار کمپیوٹر آپریٹر نے شکایت کنندہ سے ٹھیکیدار کارڈ جاری کرنے کے لیے رشوت کا مطالبہ کیا۔ اے سی بی ٹیم نے ملزم سرکاری ملازمین کو شکایت کنندہ سے 12000 روپے رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ایک اور معاملے میں، اے سی بی نے اے ایس آئی زمرت منہاس کو شکایت کنندہ سے 5000 روپے رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا اور اس کے بعد مینڈھر، سرنکوٹ اور جموں میں ملزم کے رہائشی مکانات کی تلاشی بھی لی گئی۔اس کے خلاف آئی آر نمبر 01/2026 پی ایس اے سی بی راجوری میں درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔
ایک اور معاملے میں اے سی بی نے تحریری شکایت کی بنیاد پرپٹواری محمد رزاق کو ایک شکایت کنندہ سے 10,000 روپے بطور رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا اور بعد ازاں ملزم کے رہائشی مکانات کی تلاشی لی گئی۔29جنوری کواے سی بی نے سابق منیجنگ ڈائرکٹر، سرونگ ڈی کے خلاف کیس درج کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر، SICOP اور دیگر غیر قانونی تقرری کے لیے اے سی بی جموں نے ایف آئی آر نمبر 01/2026 کے تحت غیر قانونی تقرری، ریگولرائزیشن اور پروموشن سے متعلق الزامات میںدرج کیا۔مذکورہ ملزم نے سرکاری عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے اور دوسروں کے ساتھ مجرمانہ سازش کرتے ہوئے کنال چودھری کو 6 ماہ کی مدت کے لیے عارضی بنیادوں پر اخبارات میں کسی اشتہار کے بغیر/ اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کرنے کے لیے بطور ٹیکنیکل اسسٹنٹ تعینات کیا۔ یکم فروری کو اے سی بی نے بی ڈی او آفس گلاب گڑھ مہور، ریاسی میں ٹی اے کے طور پر تعینات جے ای راہل گنڈوترا کو 8000 روپے کی رشوت طلب کرنے اور قبول کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ اس کے خلاف پہلے ہی 3 مقدمات درج ہیں۔2فروری کواے سی بی نے محمد حنیف، پٹواری، حلقہ ٹکری، ادھم پور کے خلاف 17,000 روپے کی رشوت طلب کرنے اور قبول کرنے پر ایف آئی آر درج کیا۔6فروری کواے سی بی نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس سٹیشن کھور جموںمہندر لال کو 5000 روپے رشوت لینے کے الزام میںگرفتار کیا اور ایف آئی آر نمبر 02/2026 کے تحت درج کیا ۔ علاوہ ازیں مجسٹریٹ کی موجودگی میں ان کی سرکاری رہائش گاہ کی تلاشی بھی لی گئی۔7فروری کواے سی بی نے اس وقت کے تحصیلدار جنوبی سری نگر کے معین اظہر ککرو کے خلاف سرکاری عہدے کا غلط استعمال کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا۔اس کیس کی اصل اس بیورو کی جانب سے 2021 کے دوران زمین کی بحالی اور حد بندی کے سلسلے میں غیر قانونی تجاوزات کے مسائل اور مبینہ رشوت ستانی کی شکایت کی بنیاد پر کی گئی تصدیق سے ہے۔
تصدیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم سرکاری ملازم نے گلبہار کالونی حیدر پورہ، سیکٹر 14 سری نگر میں واقع 14 مرلہ اراضی کی بحالی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مبینہ طور پر غیر قانونی تسکین کا مطالبہ کیا۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ بحالی کے بعد مذکورہ زمین شکایت کنندہ نے جنوری 2022 میں ایک نجی خریدار کو فروخت کی تھی اور فی الحال اس کے قبضے میں ہے۔عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد مذکورہ ملزم کے رہائشی مکان کی تلاشی لی گئی۔13فروری کواینٹی کرپشن بیورو نے بمنہ پولیس اسٹیشن، سری نگر کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر، مختار احمد خان کو 8ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔18فروری کواے سی بی نے 10000 روپے رشوت مانگنے اور قبول کرنے کے الزام میں محمد سلیم بانڈے، گرداور، حلقہ جوڈا، تحصیل ارناس، ضلع ریاسی کو گرفتار کیا۔25فروری کو اے سی بی نے پولیس انسپکٹر وجے سنگھ چودھری کے خلاف غیر متناسب اثاثوں کا مقدمہ درج کیا۔ملزم نے مختلف جگہوں پر تعیناتی کے دوران کروڑوں روپے کے بھاری اثاثے بنائے جو اس کے معلوم ذرائع آمدن سے انتہائی غیر متناسب پائے گئے۔ مزید یہ کہ اس نے 100 کنال اراضی کے مکانات، دکانوں اور پلاٹوں کی شکل میں کروڑوں کی مالیت کی 10 سے زائد جائیدادیں اپنے خاندان کے افراد، اپنے رشتہ داروں اور دیگر کے نام پر اکٹھی کیں۔اس کے خلاف پی سی ایکٹ 1988 کے سیکشن 13 (2) کے تحت مجرمانہ بدکاری کا ایک اولین مقدمہ درج کیا گیا۔ سپیشل جج اینٹی کرپشن جموں کی عدالت سے تلاشی لینے کے لیے سرچ وارنٹ حاصل کیے گئے اوراے سی بی کی ٹیموں کے ذریعہ مختلف مقامات پر تلاشی لی گئی جس میں سنتوکھ وہار، کالوچک، جموں میں اس کے رہائشی مکانات، نونیال، نوشہرہ، راجوری میں رہائشی مکان، ٹوٹے دی کھوئی، بجلٹا، جموں میں واقع کاروباری احاطے اسٹون کرشر اور ٹائل فیکٹری شامل ہیں۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔