عظمیٰ نیوزسروس
جموں// منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جموں کے بشنا علاقے میں تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیرائن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن بشنا نے چک بنا بشنا میں معمول کی ایک گشت کے دوران 3مشکوک افراد کو روکا۔انہوں نے کہا کہ گرچہ ان افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ان کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 15 گرام ہیرائن جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد تینوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔گرفتار شدگان کی شناخت راکیش کمار چودھری ولد بلدیو راج ساکن بنا چک بشنا، جیت راج ولد سوم ناتھ ساکن کھور دونین اورنوجوت سنگھ ولد وکرم سنگھ ساکن کھور دونین کے طور پر کی گئی ہے ۔موصوف ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بشنا میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ جموں پولیس معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے ۔