سرینگر /پرویز احمد /گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموصوبے میں مزید 49افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں اور اسطرح ڈینگی متاثرین کی تعداد 7020ہوگئی ہے۔ اس دوران گذشتہ24گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے اور ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 18بنی ہوئی ہے۔ ڈویژنل نوڈل آفیسر جموں ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’جمعہ کو جموں صوبے میں ڈینگی کی تشخیص کیلئے 315ٹیسٹ کئے گئے جن میں 7بچوں سمیت مزید 49افراد کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تشخیص ہوگئی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے متاثر ہونے والے 49افراد میں 24خواتین اور 25مرد شامل ہیں۔ ڈاکٹر رائے کا کہنا تھا کہ ڈینگی متاثرین کے رہائشی علاقوں میں کیمائی ادویات کا چھڑکاو اور لوگوں کو ڈینگی سے بچائو کے طریقوں کی جانکاری دینے کیلئے جانکاری مہم شروع کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جموں صوبے کے 49ڈینگی متاثرین میں سب سے زیادہ 32، سانبہ میں4، کٹھوعہ میں 1، ادھمپور میں 7، راجوری میں 2، ڈوڈہ میں 2 اور رام بن میں ایک شخص ڈینگی سے متاثر ہوا ہے۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی شخص جمعہ کو ڈینگی سے متاثر نہیں ہوا ہے اور اسطرح وادی میں ڈینگی سے ابتک 12افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر میں ابتک ڈینگی کی تشخیص کیلئے 26ہزار 518ٹیسٹ کئے گئے جن میں 7020افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔