جموں //جموں وکشمیر کے سرمائی دار لخلافہ جموں میں ہفتہ کی صبح کو میونسپل کارپوریشن نے انہدامی مہم چلائی جس دوران متعدد دکانوں کو مسمار کیا گیا انہدامی مہم کے خلاف دکانداروں ، چیمبر آف کامرس کے ساتھ ساتھ بھاجپا کے سینئرلیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ نے دھرنا دیا۔جموں چیمبر آف کامرس کے صدر ارون گھپتا نے بتایا کہ نوٹس کے بغیر ہی میونسپل کارپوریشن نے غیر قانونی طورپر دکانوں کو مسمار کیا ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہفتے کی صبح سات بجے کے قریب میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داروں نے بغیر تحقیقات کے ہی دکانوں کی توڑ پھوڑ شروع کی ۔صدر موصوف نے سوال کیا کہ اگر کارروائی ہی کرنی تھی تو دن کے اُجالے میں بھی وہ ایسے دکانوں کو مسمار کرسکتے تھے جنہوں نے غیر قانونی طورپر اپنے دکانات بنائے ہیں۔ارون گھپتا کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے پہلے ہی تاجر اور دکاندار پریشان ہیں اور اب میونسپل کارپوریشن جموں کی جانب سے مسماری مہم شروع کرنا ناقابل برداشت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا اور میونسپل کارپوریشن کے خلاف پُر امن احتجاج جاری رہے گا۔دھرنے پر بیٹھے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ کوندر گھپتا نے کہاکہ جو ہوا غلط ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شیوا جی چوک میں ایسے دکانوں کو بھی مسمار کیا گیا جن کے پاس کاغذات موجود ہیں۔بی جے پی لیڈر کے مطابق جہاں تک بیروکریسی کا تعلق ہے تو اس انہدامی مہم کا سخت نوٹس لے کر ملوثین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جموں کے میئر سے بھی اس سلسلے میں بات کرونگا اور میں یہ یقین دلاتا ہوں کہ جو بھی اہلکا راس میں ملوث قرار پائے گا تو اُس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔