نمائندہ عظمیٰ
جموں//چیف جسٹس آف انڈیا، جسٹس ڈی وائی چندرچوڑکل یعنی 28 جون کو جموں کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ ہائی کورٹ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جو 938 کروڑ روپے کی لاگت سے رائیکہ جنگلات میںبن رہی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ چیف جسٹس آف انڈیاکل یعنی 28 جون کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔جدید سہولیات سے آراستہ نئی عمارت کو جموں و کشمیر میں عدالتی ڈھانچے میں اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔چیف جسٹس آف انڈیا کے دورہ جموں و کشمیر کو کامیاب بنانے کے لیے رجسٹرار جنرل ہائی کورٹ اور پرنسپل سیکریٹری چیف جسٹس نے کئی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔اس سے قبل جموں و کشمیر اور لداخ میں ایک مشترکہ ہائی کورٹ اور دو بنچ ہیں۔ ایک سری نگر میں ہے اور دوسرا جموں میں ہے۔ جموں بنچ 1990 کی دہائی تک جموں کے مبارک منڈی کمپلیکس میں واقع تھا۔ 1994 میں، ہائی کورٹ کمپلیکس کو یہاں سے جانی پور جموں منتقل کیا گیا۔جانی پور کورٹ کمپلیکس کا احاطہ، جو کئی ہزار کنال اراضی کا رقبہ ہے ،میںہائی کورٹ، ڈسٹرکٹ کمپلیکس، ایڈووکیٹ جنرل کا دفتر؛ جوڈیشل اکیڈمی اور رجسٹرار کا دفتر بھی واقع ہے۔اب انتظامیہ نے ہائی کورٹ کی عمارت کو جانی پور سے منتقل کرنے اور جموں کے مضافات میں رائیکہ فاریسٹ علاقے میں ایک نئی عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ نیا کورٹ کمپلیکس ملک کی بہترین ہائی کورٹس میں سے ایک ہو گا۔ 35 کورٹ رومز ہوں گے جنہیں بعد میں 70 کورٹ رومز تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ اس کمپلیکس کو ماحول دوست بنایا جائے گا۔اسے مشہور آرکیٹیکٹ گنیت سنگھ چوہان نے ڈیزائن کیا ہے، جنہوں نے دہلی ہائی کورٹ، میٹرو سٹیشن اور مال سمیت کئی ہائی کورٹس کو ڈیزائن کیا ہے۔اس کی تعمیر کی نگرانی ہائی کورٹ کے جج جموں و کشمیر پروجیکٹ کنسٹرکشن کارپوریشن اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے کریں گے۔نئے کورٹ کمپلیکس میں تین آڈیٹوریم، ایک انتظامی بلاک، ایک ثالثی مرکز، ایک میڈیکل سنٹر، ایک کمپیوٹر سنٹر، ایک ججز کی لائبریری، ایک ہزار وکلاء کیلئے چیمبر، قانونی چارہ جوئی کیلئے سہولیات، فوڈ کورٹ، ایک آرکائیو سیکشن، اور کل 35 جج اور عملہ ہونگے۔یہ اقامتی سہولیات، جوڈیشل اکیڈمی، کنونشن کی سہولیات، ایک ہیلی پیڈ، ایک فائر سٹیشن، ایک ٹرانسپورٹ سہولت مرکز اور دیگر متعلقہ چیزوں سے بھی لیس ہوگا۔اس کے علاوہ ججوں اور وکلاء کے لیے کھیل، جم اور یوگا سینٹر کی سہولیات بھی ہوں گی۔ منصوبے کو ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ذرائع نے بتایا کہ تمام این او سی محکمہ جنگلی حیات اور جنگلات سے پہلے ہی حاصل کر لیے گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ کورٹ کمپلیکس جنگل میں بنایا جا رہا ہے، اس طرح یہ معاملہ نیشنل گرین ٹریبونل میں گیا جہاں ہائی کورٹ نے معقول جواب داخل کیا، جس کے بعد فیصلہ ہائی کورٹ کے حق میں آیا۔دوسری جانب جموں کے وکلاء ہائی کورٹ کمپلیکس کو جانی پور سے منتقل کرنے کے حق میں نہیں ہیں، زیادہ تر وکلاء کا کہنا ہے کہ اس سے ان کا کام کافی متاثر ہوگا۔جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں نے وکلاء کی ایک 34 رکنی مشاورتی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو اس فیصلے کے خلاف مستقل حکمت عملی طے کرے گی جبکہ کمیٹی کی میٹنگ اتوار کو ہائی کورٹ جانی پور میں ہوگی۔دریں اثناء ماحولیاتی کارکنوں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی رائیکہ جنگل میں ہائی کورٹ کی تعمیر پر اپنے اعتراضات کا اظہار کیا ہے۔