جموں //جموں میں سنیچر کے روز بھی لاک ڈائون سختی سے نافذ رہا اور اس دوران سڑکیں پوری طرح سے سنسان نظر آئیں جبکہ بازار بدستور بند پڑے ہیں ۔اگرچہ ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دکانوں کوکہیں کہیں کھلنے کی اجازت دی جارہی ہے تاہم کئی علاقوں کو مکمل طور پر سیل کیاگیاہے اور پولیس اور پیرا ملٹری فورسز جگہ جگہ تعینات ہیں جن کی طرف سے اہم چوراستوں اور سڑکوں پر خاردار تاریں بچھائی گئی ہیں ۔پورے صوبہ جموں میں سنیچر کے روز بھی لاک ڈائون رہا اور خطہ پیر پنچال اور خطہ چناب سمیت سبھی اضلاع میں سختی کے ساتھ امتناعی احکامات کی پاسداری کو یقینی بنایاگیا۔اس دوران لکھن پور سے لیکر پونچھ تک سڑکیں سنسان نظر آئیں اور صرف اشیائے ضروریہ والی گاڑیوں کو سکریننگ کے بعد چلنے کی اجازت دی گئی ۔ سبھی اضلاع میں ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں مسافروں کو پیدل چلتے ہوئے دیکھاگیا جبکہ کئی مریض بھی دربدر ہوئے ۔جموں سرینگر شاہراہ سمیت سبھی سڑکوں پر صرف اشیائے ضروریہ والے ٹرکوں اور ٹینکر وں کی آمدورفت جاری رہی اور پرائیویٹ اور نجی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر سڑکوں سے غائب رہا۔ صوبہ بھر میں بازار بھی بدستور بند ہیں اور شہر و گام میں کہیں بھی تجارتی سرگرمیوںکی اجازت نہیں دی جارہی ۔جموں کے گوجر نگراور بٹھنڈی ،راجوری کے منجاکوٹ اور اودھمپور کے کئی گائوںکو بدستورسیل رکھاگیاہے جبکہ دیگر تمام علاقوں کی عوام بھی اپنے اپنے گھروں کے اندر محصور ہے ۔شہر جموں و دیگر قصبہ جات میں جراثیم کش ادویات کے چھڑکائو کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ کئی سیول انتظامیہ اور پولیس کے علاوہ کئی دیگر تنظیموں کی طرف سے ضرورتمندوں میں غذائی اجناس کی تقسیم بھی کی جارہی ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے کورونا وائرس کے پیش نظر14اپریل تک کیلئے21روزہ ملک گیر لاک ڈائون کا اعلان کیاگیاہے جس کا جمو وکشمیر میں بھی سختی سے نفاذ جاری ہے ۔