عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے جموں صوبہ کے سمر زون میں آنے والی ضلعی عدالتوں کیلئے 15روزہ گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔رجسٹرار جنرل کے دفتر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیلات 8جون 2026سے 22جون 2026تک ہوں گی، دونوں دن شامل رہیں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ تعطیلات جموں صوبہ کے سمر زون کی ضلعی عدالتوں پر لاگو ہوں گی، تاہم ضلع کشتواڑ، ضلع ڈوڈہ، ضلع رام بن کے بٹوت، گول، بانہال اور اُکڑال، جبکہ ضلع کٹھوعہ کے بنی علاقے کی عدالتیں اس شیڈول سے مستثنیٰ رہیں گی۔ہائی کورٹ نے متعلقہ اضلاع کے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور چیف جوڈیشل مجسٹریٹس کو ہدایت دی ہے کہ تعطیلات کے دوران ہنگامی نوعیت کے فوجداری مقدمات کی سماعت اور نمٹارے کیلئے مناسب انتظامات یقینی بنائے جائیں۔