جموں اور سرینگرمیں ڈی آر ڈی او ہسپتالوں کا قیام | مشیر بھٹناگر کی صدارت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد

جموں //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموں اور سرینگر میں بالترتیب 500 بستروں پر مشتمل ڈی آر ڈی او ہسپتالوں کے قیام کے کام کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اٹل ڈولو ، جموں و کشمیر کے ڈویژنل کمشنرز ، جموں /سرینگر کے ڈپٹی کمشنرز ، جی ایم سی جموں /کشمیر کے پرنسپلز ، جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ، چیف انجینئر آر اینڈ بی جموں و کشمیر ، چیف انجینئر ڈی آر ڈی او ، دونوں ہسپتالوں کے انچارج میڈیکل سپرنٹنڈٹ ، محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کے علاوہ متعلقہ محکموں کے دیگر افسران نے ورچول موڈ کے ذریعے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران مشیر ببھٹناگر نے ہسپتال کی جلد تکمیل کیلئے درکار تمام بڑے کاموں کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ جیسے سول ورک کی حثیت ، واٹر ، بجلی ، پاور سپلائی ، سیوریج سسٹم ، عوامی سہولیات ، مین پاور کی خدمات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائیزہ لیا ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مشیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ کام کی رفتار کو تیز کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہسپتالوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور جلد سے جلد عوام کے نام وقف کیا جائے ۔ مشیر نے افسران سے کہا کہ وہ ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل عملہ کو مناسب تربیت دیں جو ان ہسپتالوں میں تعینات ہوں گے ۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ وہ ان ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کو خصوصی تربیت دیں جو ان ہسپتالوں کے آئی سی یو وارڈ میں تعینات کئے جائیں گے ۔ مشیر بٹھناگر نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ ضروری دواؤں ، طبی استعمال کی اشیاء ، تشخیصی آلات اور دیگر رسد کی تفصیلات کو پہلے سے اچھی طرح سے تیار کیا جانا چاہئے تا کہ مریضوں کو پروٹوکول کے مطابق علاج مہیا کیا جا سکے ۔ دیگر متعلقہ کاموں کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر نے افسران پر زور دیا کہ میڈیکل آکسیجن گیس پائپ لائینز ، سیوریج نیٹ ورک سسٹم اور دیگر وابستہ کاموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے اس کے علاوہ میڈیکل آکسیجن کی دستیابی کو ہنگامی بیک اپ سسٹم کے ساتھ یقینی بنایا جائے ۔ مشیر نے متعلقہ افسران سے مزید کہا کہ وہ پی ڈبلیو ڈی ، پی ڈی ڈی ، میکنیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ، جل شکتی ، پلمبر اور دیگر مطلوبہ تکنیکی عملے کو ان کے اپنے عملے کا بندوبست کرنے تک ہسپتالوں میں تعینات کرنے کیلئے ایک طریقہ کار وضع کریں ۔ میٹنگ کے دوران ڈویژنل کمشنروں نے مشیر کو اپنے اپنے ڈویژنوں میں ہسپتالوں کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ ڈی آر ڈی او کے انجینئرز نے مشیر کو آگاہ کیا کہ دونوں ہسپتالوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور ہسپتالوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کر لیا جائے گا ۔