یو این آئی
جموں// فوج نے جموں کے ارینہ اور سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر وںمیں در اندازی کی دو الگ الگ کوششوں کو ناکام بنا کر ایک در انداز کو ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔بی ایس ایف ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ارینہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف اہلکاروں نے منگل کی علی الصبح ایک پاکستانی در انداز کو خاردار تار کی طرف جارحانہ انداز میں آتے ہوئے دیکھا۔بی ایس ایف اہلکاروں نے در انداز کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن اس نے کوئی توجہ نہیں کی ۔ان کا کہنا تھا کہ جوانوں نے کوئی دوسرا متبادل راستہ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں اس پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔ترجمان نے بتایا کہ در اندازی کے دوسرے ایک واقعہ میں سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف اہلکاروں نے خاردار تار پار کرنے کے دوران ایک در انداز کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ در انداز کو گیٹ کھول کے بھارت کی طرف لایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ گرفتار شدہ کی تحویل سے کوئی قابل اعتراض شئے بر آمد نہیں ہوئی ہے۔