میلبورن//جسٹن لینگر نے آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے ہفتے کے روز تصدیق کی کہ اینڈریو میکڈونلڈ کو لینگر کی جگہ عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔کرکٹ آسٹریلیا نے ایک بیان میں کہا، ’’ہم نے مردوں کی ٹیم کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ انہوں نے آج اپنا استعفیٰ ہمیں پیش کردیا۔ لینگر کو ان کے موجودہ معاہدے میں کچھ وقت کی توسیع کی پیشکش کی گئی تھی، جسے انہوں نیتسلیم نہیں کیا۔ مستقبل کی ضروریات اور آنے والے شیڈول سمیت متعدد حالت کا جائزہ لینے کے بعد انہیں معاہدے میں توسیع کی پیشکش کی گئی تھی۔ توسیع کی منظوری کرکٹ آسٹریلیا بورڈ نے دی تھی اور اسے گزشتہ رات لینگر کو پیش کیا گیا تھا، جس میں اس سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ٹائٹل کے دفاع کا موقع بھی شامل تھا، لیکن لینگر نے آج صبح ہمیں بتایا کہ وہ اس پیشکش کو قبول نہیں کر رہے ہیں اور فوری طور پر اپنا استعفیٰ دے رہے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے کہا، ’’لینگر گزشتہ چار سال سے آسٹریلیائی ٹیم کے لیے ایک شاندار کوچ رہے ہیں۔ انہوں نے ٹیم میں اعتماد بحال کیا ہے۔