پونچھ// عید گاہ کمیٹی کی جانب سے جامعہ مسجد عید گاہ میں گذشتہ شب خصوصی افطاری کا اہتمام کیا گیاجس میں ضلع پونچھ کے مختلف مساجد کے علمائے کرام کے علاوہ معزز شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اس موقعہ پر جامع مسجد میں دس روزہ اعتکاف پر بیٹھے ہوئے ساٹھ خوش بخت افراد نے بھی حصہ لیا۔ جامع مسجد عید گاہ کمیٹی کے اہم رکن الحاج جاوید اقبال نے کہا کہ کئی برسوں تک عید گا ہ کی اراضی پر ناجائز قبضہ رہا جس کے بعد کچھ مومنین کی جدوجہد سے اس اراضی سے ناجائز قبضہ ہٹا کر اراضی اوقاف اسلامیہ کو سونپی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو تین سال مکمل ہوئے ہیں ،اسی سلسلہ میں ان کی کمیٹی کی جانب سے یہ افطاری اہتمام کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ خدا کا شکر کرتے ہیں کہ یہ اراضی انہیں ملی جہاں آج یہ شاندار مسجد ہے۔