جامع مسجدمیں سیرت طیبہ پرمضمون نویسی کامقابلہ

عظمیٰ نیوزسروس

سرینگر// مرکزی جامع مسجد سرینگر میں حضور اکرمؐ کی مبارک زندگی اور تعلیمات کے تناظر میں سیرت طیبہ کے حوالے سے سوال و جواب کی صورت میں ایک مضمون نویسی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف درسگاہوں اور مکاتب کے تقریباً 400 طلباء اور طالبات نے شرکت کی۔اپنی نوعیت کی اس طرح کی تقریب کا اہتمام میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کی ہدایت پر کیا گیا جس کا مقصد طلباء کو پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیؐ کی تعلیمات اور اسلامی اقدار اور روایات پر غور و فکر کی ترغیب دینا تھی۔ میرواعظ نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مروجہ تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم کے نور سے بھی آراستہ کریں۔ میرواعظ نے مساجد کے ساتھ ساتھ مکاتب کے قیام کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ہماری نئی نسل مروجہ علوم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم اور اخلاقیات سے بھی آراستہ ہوں۔ خیال رہے کہ مذکورہ تقریب ایک متوازن تعلیمی نظام کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے جو نوجوان ذہنوں کو علم و عمل اور فکر و کردار سے آراستہ کرنے کیلئے ذہنی طور پر تیار کرنا ہے۔