عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر برائے زراعت، دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے کل یہاں ڈائریکٹر زراعت ، جوائنٹ ڈائریکٹروں، صوبائی سربراہان، چیف ایگری کلچر اَفسران، سکیم سربراہان ،محکمہ زراعت کے سیکٹورل اَفسران کی ایک میٹنگ میںجامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی)،کیپکس اورسی ایس ایس کے تحت حاصل شدہ طبعی و مالی کامیابیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میںجامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی) کے تحت مختلف منصوبوں کی عمل آوری پر تفصیلی بحث و تمحیص کی گئی۔ اِس کے علاوہ محکمہ زراعت کی طرف سے عملائی جانے والی مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر زراعت نے اَفسران کو ہدایت دی کہ ایچ اے ڈی پی منصوبوں اور مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت فراہم کردہ فنڈز کو مقررہ مدت میں خرچ کیا جائے اور تمام مالی اخراجات میں شفافیت اور جوابدہی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھا جائے۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو خریف کے فصلوں کے سیزن کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت دی اور محکمہ کے کوالٹی کنٹرول مینوئل کا بھی اجرا کیا۔ڈار نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر علاقے کے کسانوں تک پہنچیں اور انہیں ایچ اے ڈی پی اور جدید زرعی ٹیکنالوجیوں سے روشناس کریں۔