تیل کی طلب اور رسد میں غیر معمولی کمی | جی20عالمی توانائی مارکیٹ کو مستحکم کرنے کیلئے پر عزم

ماسکو//دنیا کی 20 اہم معیشتوں کی تنظیم جی -20 نے عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ -19) کے مسلسل بڑھتے کیسز کے درمیان تیل اورتوانائی کی مارکیٹ کے استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جانے کے حوالہ سے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ جی -20 گروپ کے توانائی کے وزراء کی جانب سے ہفتہ کو ایک مشترکہ بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی گئی۔ مشترکہ بیان کے مطابق جی -20 ممالک کے توانائی وزراء نے کورونا وائرس کووڈ -19 کے عالمی چیلنج کے درمیان بین الاقوامی تیل اور توانائی کی مارکیٹ کے استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جانے کے عزائم کا اظہار کیا۔ کووڈ -19 کی وجہ سے دنیا بھر میں خام تیل کی طلب اور رسد میں غیر معمولی کمی آئی ہے جس سے توانائی کی مارکیٹ میں کافی نشیب و فرازدیکھے جا رہے ہیں۔اس کی وجہ سے بہت سے ممالک کی معیشت بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ لاکھوں کے روزگار پر خطرہ منڈلا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ جی -20 نے دنیا بھر میں کورونا وائرس کو روکنے کے لئے کئے جا رہے اقدامات کی نگرانی کرنے کے لئے ایک گروپ کی تشکیل پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔