تھنہ منڈی ہسپتال مریضوں کیلئے پریشانی کا باعث

 تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کا ہسپتال اب مریضوں کیلئے پریشانی کا باعث بنتاجارہا ہے جبکہ ان کو ایمر جنسی کے اوقات میں بھی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ صحت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز ایک مریض کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹر نے اس کو ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا تاہم ہسپتال میں تعینات لیب ماہر فن کی مبینہ لاپرواہی اور مشینری میں آئی تکنیکی خرابی کی وجہ سے مریض کے ٹیسٹ ہی نہیں کئے گئے جس کے بعد تیمار داروں نے ہسپتال انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال میں جہاں بنیادی سہولیات موجود نہیں ہیں وہائیں ہسپتال کا اکثر عملہ بھی مریضوں کو سہولیات فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے ۔اس سلسلہ میں سماجی کارکن ارشد اعجاز خان نے بتایا کہ تھنہ منڈی ہسپتال میں نظم وضبط نام کی کوئی چیز نظر ہی نہیں آتی جس کی وجہ سے مریضوں کو سخت تکلیف کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین نے کئی مشینیں جان بوجھ کر ناکارہ بنائی ہوئی ہیں تاکہ مریضوں کو نجی کلینکوں کا رخ کرنا پڑے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تھنہ منڈی کے سرکاری ہسپتال معیاری سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ لاپرواہ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مریضوں کو معیاری سہولیات میسر ہو سکے ۔