تھنہ منڈی // ٹائون ہال تھنہ منڈی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی پولنگ بوتھ ورکرس میٹنگ منعقد کی گئی جس میں بلاک صدر، تھنہ منڈی ماسٹر عبدالغنی شال ،ضلع صدر دنیش شرما،ریاستی سکریٹری راجندر گپتا، ریاستی مشاورتی بورڈ ممبر زاہد احمد، قاضی خلیل الرحمان، انچارج تھنہ منڈی ایڈوکیٹ آصف کٹاریہ، محمد خان سمیال ،منظور حسین چوہدری وغیرہ موجود تھے۔ اس موقعہ پر تحصیل تھنہ منڈی کے تمام پولنگ مراکز کے دس دس نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔ اس میٹنگ کا اہتمام بھاجپا کے منڈل سربراہ نے کیا تھا تاکہ آنے والے انتخا بات میں پارٹی کوکامیابی سے ہمکنار کروایاجاسکے اورکارکنان کو مشکلات کاسامنا نہ کرناپڑے ۔بلاک صدر ماسٹر عبدالغنی شال نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر میں بھاجپا کی شراکت سے مخلوط سرکار قائم ہے جو ترقیاتی کام انجام دے رہی ہے اور ایسے کام بھی ہوئے ہیں جو پچھلی سرکار وں نے نظرانداز کردیئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ممبرقانون ساز کونسل ایڈووکیٹ وبودھ گپتا نے منصف کورٹ تھنہ منڈی میں وکلاء کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے چیمبرس تعمیر کرنے کے لئے ڈھائی لاکھ روپے فراہم کئے جس رقم سے وہ چیمبرس تعمیر کئے گئے ہیں اور انکی تکمیل کے لئے مزید رقومات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ان کاکہناتھاکہ ایم ایل سی نے اقبال چوک تھنہ منڈی میںبجلی کی قلت کو دور کرنے کے لئے 2.5 کے وی کا بجلی ٹرانسفارمر نصب کروایاہے جس سے قصبہ کی عوام کو کافی سہولت ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرلزہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی اور منیہال میں دیوار بندی کے لئے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ اسکے علاوہ متعدد دیہاتوں میں بجلی کے کھمبے اور تاریں فراہم کی گئی ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ آنے والے دنوں میں مزید ترقیاتی کام ہاتھ میں لئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تھنہ منڈی کی عوام سے اپیل کی کہ وہ بھاجپا کو بنیادی سطح پر مضبوط کرنے کے لئے تعاون دیں۔