جموں//کمشنر سیکرٹری کلچر سلیم شیشگر نے ریاست کے اہم تواریخی اور تمدنی دستاویزات پر مبنی ڈیجیٹل ریکارڈ سے متعلق ویپ پورٹل کا افتتاح کیا۔www.archives.jk.gov.in نامی یہ پورٹل دنیا بھر کے محققین اور سکالروں کو 1724 ء سے 1985ء تک ریاست جموں وکشمیر کے تواریخی ڈیٹا تک رسائی فراہم کرے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ آرکائیوز محکمہ نے تواریخی ،انتظامی اور کلچرل ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کا کام شروع کیا ہے جس کے مطابق 70لاکھ صفحات پر مبنی ریکارڈ کو ڈیجیٹائز کیاجائے گا۔کمشنر سیکرٹری نے محکمہ کی طرف سے تحفظ شدہ تواریخی اہمیت کے حامل ریکارڈ کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اِس کی بدولت سکالروں ، مورّخوں اور محققین کو ڈیٹا تک آسان آن لائن رسائی ملے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ اس پورٹل ایکس گورنرری ، محکمہ مال ، جے اے ڈی ، چیف سیکرٹریٹ ، تعلیم ،داخلہ ، فائنانس ،صنعت و حرفت ، ایسٹیٹس ، خوراک و رسدات محکموں کے علاوہ سنس رِپورٹ ، کونسل حکمنامے ، کونسل قرار دادیں ، کونسل کی کارروائیوں ، کابینی حکمناموں اور دیگر محکموں سے متعلق ریکارڈ دستیاب ہوگا۔اُنہوں نے کہاکہ محکمہ نے ایک جدید سَروَر خریدا ہے جس کی دیکھ ریکھ سٹیٹ ڈیٹا سینٹر جموں کر رہا ہے۔اُنہوںنے متعلقہ محکمہ کو اس اقدام کے لئے سراہنا کی ۔انہوں نے ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں تعاون کے لئے مختلف ایجنسیوں کی بھی تعریف کی۔ڈائریکٹر آرکائیوز اینڈ میوزیم منیر الاسلام نے اس موقعہ پر ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ بیرون ریاست سکالروں اور محققین کو ریاست سے متعلق تواریخی جانکاری اور دیگر ریکارڈ تک رسائی میں کافی مشکلات آتی تھیںاوراب ریکارڈ کے آن لائن دستیاب ہونے سے اُنہیں کافی آسانی ہوگی۔