سرینگر// محکمہ صحت نے تعلیمی اداروں میں عملی طور پرتعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے سے قبل عملے اور طلباء کو ٹیکہ لگانے کا عمل لازمی قرار دیا ہے۔ محکمہ تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کے ڈائریکٹرس کے نام جاری ایک نوٹیفکیشن میں ، تمام اہل طلباء اور تعلیمی اداروں کے عملے کیلئے ٹیکہ کاری کی تاریخیں پیش کرنے کی تاکید کی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کالجوں اور اسکولوں کو دوبارہ کھولنے سے قبل تدریسی و غیر تدریسی عملہ اور طلبہ کے لئے ٹیکہ لگانے کی مہم چلائی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے’’مستقبل میں حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں کوئی فیصلہ لینے سے پہلے ، تمام تدریسی ، غیر تدریسی عملے اور اہل طلباء کو بھی مکمل طور پر ٹیکے لگانے کا عمل لازمی بن جاتاہے ، تاکہ کوروناکے دوبارہ پیدا ہونے والے خدشات کو روکا جاسکے‘‘۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’’تمام درس و تدریس ، غیر تدریسی عملے کے ساتھ ساتھ اہل طلبہ (بیچ وائز) کی ٹیکہ کاری کی تاریخوں سے متعلق محکمہ صحت کو فوری طور پرمطلع کیا جائے ، تاکہ نشاندہ مقامات پر ٹیکہ کاری کی جگہوں کو متعین کیا جاسکے۔