سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع کی سرحدوں پر واقع ترکنڈی علاقے میں لائن آف کنٹرول سے فائرنگ کے ایک مختصر واقعے کی اطلاع ملی ہے جب کہ بارودی سرنگ کے دھماکے میں فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) زخمی ہوا۔سرکاری ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول کے علاقے ترکنڈی میں تقریباً پندرہ گولیاں چلنے کا ایک مختصر واقعہ پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ راجوری اور پونچھ اضلاع کی حدود میں آتا ہے اور یہ واقعہ ایل او سی کے آگے کے مقام پر پیش آیا۔انکا کہناتھا’’دوسری طرف سے تقریباً بارہ سے پندرہ گولیاں چلائی گئیں”۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔دریں اثنا فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) ترکنڈی کے علاقے میں لائن آف کنٹرو ل پر بارودی سرنگ کے دھماکے میں زخمی ہوا۔ذرائع نے کہا’’اس اینٹی پرسنل بارودی سرنگ کا دھماکہ بدھ کی دوپہر کو ہوا اور زخمی فوجی جے سی او کو راجوری کے فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ زیرعلاج ہے اور خطرے سے باہر بتایا جاتا ہے‘‘۔