ترال میں فوجی آپریشن کے دوران دو اہلکار پھسل کر زخمی ،فوجی ہسپتال سرینگرمنتقل

ترال // جنوبی ضلع پلوامہ میں ترال کے نارستان علاقے میں اُس وقت دو فوجی اہلکار شدید زخمی ہوگئے جب وہ ایک پہاڑی کا محاصرے کرتے ہوئے پھسل کر نیچے گرگئے۔دونوں زخمی فوجیوں کو بعد میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سرینگر کے فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
 پولیس ذرائع نے بتایا کہ ترال کے دور افتادہ پہاڑی علاقے وانٹی ناڈکے جنگلاتی حصے میں فوج اور فورسز نے دوران شب ایک مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران2 فوجی اہلکار پہاڑی سے گر کر زخمی ہوگئے ۔
 ذرائع نے بتایا کہ آج دن کے گیارہ بجے ایک ایمولینس گاڑی میں دو فوجی اہلکار وں کو ستورہ کے مقام پر پہنچایا گیا جہاں سے زخمی اہلکاروں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر سرینگر منتقل کیا گیا ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ دونوں فوجی اہلکاروں کو علاج ومعالجے کے لئے بادمی باغ میں قائم فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا ۔