یو این آئی
نئی دہلی//وزارت تجارت اور صنعت کی طرف سے پیر کو جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2025 میں ہندوستان سے تجارتی سامان کی برآمدات سالانہ بنیادوں پر 2.4 فیصد کم ہو کر 36.43 بلین ڈالر رہ گئیں۔ جنوری 2024 میں یہ تعداد 37.32 بلین ڈالر تھی۔ وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال جنوری میں تجارتی سامان کی درآمدات بڑھ کر 59.42 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 53.88 بلین ڈالر تھیں۔ اس طرح جنوری میں تجارتی خسارہ (سامان کی برآمدات اور درآمدات میں فرق) 22.99 بلین ڈالر رہا۔ جنوری میں ملک سے خدمات کی برآمدات کا تخمینہ 24.31 فیصد کی اچھی نمو کے ساتھ 38.55 بلین ڈالر لگایا گیا تھا، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 31.01 بلین ڈالر تھا۔ اس سال کے پہلے مہینے (جنوری 2025) میں ہندوستان کی کل برآمدات (سامان اور خدمات) 74.97 بلین ڈالر رہی، جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں یہ 68.33 بلین ڈالر تھی۔ اس طرح سال بہ سال 9.71 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کامرس سکریٹری سنیل بارتھوال نے کہا کہ رواں مالی سال 2024-25 میں اپریل سے جنوری کے دوران عالمی سطح پر چیلنجنگ ماحول میں ملک کے برآمدی شعبے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہم غیر پیٹرولیم برآمدات کو دیکھیں تو کارکردگی بہت اچھی رہی ہے ۔ مسٹر برتھوال نے کہاکہ “اپریل-جنوری کے دوران ملک سے تجارتی سامان کی برآمد میں 7.21 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ اپریل سے جنوری کے دوران ہم نے گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں مجموعی طور پر 46 بلین ڈالر کا اضافہ دیکھا ہے ۔ اسی عرصے کے دوران ہماری تجارتی اشیاء کی برآمدات میں پانچ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2025 میں ہماری نان پیٹرولیم برآمدات میں 14.47 فیصد اضافہ ہوا جو کہ بہت اچھی نمو ہے ۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم تجارتی سامان اور خدمات کی برآمدات میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔’’ اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں چاول کی برآمدات میں 44.61 فیصد کا متاثر کن اضافہ دیکھنے میں آیا، جس سے چاول کی عالمی تجارت میں ہندوستان کی بالادستی میں مزید اضافہ ہوا۔ جواہرات اور زیورات کی برآمدات میں بھی جنوری میں 15.9 فیصد کا اچھا اضافہ ہوا ہے ۔